خانہ کعبہ اور مسجد نبوی ؐ میں اعتکاف کی اجازت

0

سعودی عرب کا 2 سال سے عائد کورونا اور تمام سفری پابندیاں بھی ختم کرنے کا اعلان
مکہ المکرمہ؍ریاض(ایجنسیاں) : سعودی عرب میں یومیہ کیسز میں نمایاں کمی کے بعد کورونا پابندیوں کا خاتمہ کیا جا رہا ہے اور اب دو سال بعد خانہ کعبہ اور مسجد نبوی ؐ میں اعتکاف کی اجازت دیدی گئی۔ سعودی میڈیا کے مطابق رواں برس ماہ رمضان کی مبارک سعادتوں کو عبادات اور اذکار سے سجانے کے لیے سعودی عرب میں مقدس مقامات کی خدمات پر مامور کمیٹی نے اہم فیصلے کیے ہیں۔ ان فیصلوں کے تحت رمضان المبارک میں عمرہ اور عبادات کی بغیر کسی پابندی کے مکمل اجازت دیدی گئی ہے۔ اللہ کے مہمانوں کو خوش آمدید کہنے کے لیے تمام کورونا سفری پابندیاں بھی ختم کردی گئی ہیں۔2 سال سے فرزندگان توحید بیت الحرام اور روضہ نبویؐ میں اعتکاف پر بیٹھنے کے لیے بے چین تھے تاہم اب یہ انتظار ختم ہوا اور سعودی حکومت نے اس سال اعتکاف کی اجازت دیدی ہے۔ قبل ازیں سعودی حکومت نے مقدس مساجد میں سماجی فاصلے سمیت تمام کورونا پابندیاں ختم کرکے خانہ کعبہ اور مسجد نبوی ؐ میں پوری گنجائش کے ساتھ نماز پڑھنے کی اجازت دیدی تھی۔
دوسری جانب سعودی عرب نے عمرہ زائرین سمیت تمام افراد کے لئے 2سال سے عائد کورونا پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سعودی عرب کی وزارت حج وعمرہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حرمین شریفین میں حاضری کے لئے کورونا وائرس کے باعث 2 سال سے لگائی گئی پابندیاں ختم کردی گئی ہیں۔عمرہ زائرین اور سعودی عرب آنے والے دیگر افراد کے لئے کورونا کی ویکسینیشن، پی سی آر ٹیسٹ اورقرنطینہ کی شرط ختم کردی گئی ہے۔سعودی حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی ویزے پرسعودی عرب آنے والے ایسے افراد کوجنہوں نے ویکسینیشن نہیں کروائی سعودی عرب میں داخلے کی اجازت ہوگی۔حکام کے مطابق حج میں زائرین کی تعداد کے حوالے سے مشاورت جاری ہے جس کا اعلان جلد اعلان کیا جائے گا۔