فائنل میچ میں بارش کا خدشہ ، آئی سی سی نے تیاری کرلی

0

دبئی (ایجنسیاں) : آئی سی سی کی ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی نے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا فائنل نتیجہ خیز بنانے کے لیے قوانین میں تبدیلی کر دی۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا فائنل اتوار کے روز ملبورن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا تاہم محکمہ موسمیات نے اتوار اور پیر کے روز ملبورن میں شدید بارش کی پیشگوئی کر رکھی ہے۔ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل فیصلہ کن بنانے کے لیے پلیئنگ کنڈیشنز میں تبدیلی کر دی اور ریزرو ڈے والے روز یعنی پیر کو میچ کا نتیجہ نہ آنے کی صورت میں کھیل کا اضافی دورانیہ 2 گھنٹوں سے بڑھا کر 4 گھنٹے کر دیا۔آئی سی سی کا کہنا ہے کہ پوری کوشش ہو گی کہ میچ اتوار کو ہی مکمل ہو جائے، بارش کی صورت میں ریزرو ڈے پر مقابلہ پیر کو دن کے 2:30 بجے شروع کیا جائے گا۔ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی کے مطابق کسی بھی ٹورنامنٹ کے ناک آؤٹ مرحلے کے میچ میں ہر سائیڈ کے لیے کم از کم 10 اوورز کا کھیل ضروری ہے اور میچ کو مکمل کرنے کے حوالے سے کسی بھی قسم کا فیصلہ میچ والے روز لیا جائے گا۔آئی سی سی کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا فائنل مکمل کرنے کے لیے اتوار کے روز ہی فیصلے لیے جائیں گے کہ آیا میچ کو مکمل کرنے کے لیے اوورز کی تعداد کم کی جائے یا پھر اگر میچ اتوار کے روز ممکن نہ ہو تو میچ کو اگلے روز جاری کیا جائے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS