ایشین باکسنگ چمپئن شپ میں ہندوستانی باکسر کا دبدبہ

0

نئی دہلی (ایجنسیاں) :ہندوستان کی اسٹار کھلاڑی لولینا بورگوہین نے ایشین باکسنگ چمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیت لیا ہے۔ اولمپک میںکانسی کا تمغہ جیتنے والی لولینا نے جمعہ کو عمان، اردن میں تاریخ رقم کی۔ اس نے 75 کلوگرام کے زمرے میں اپنا آخری مقابلہ جیتا۔ لولینا نے ٹائٹل میچ میں ازبکستان کی روزمیتووا سوخیبا کو 5-0 سے شکست دی۔ لولینا کے علاوہ پروین ہڈا نے 63 کلوگرام زمرے میں، سویٹی نے 81 کلوگرام کیٹیگری میں اور الفیہ پٹھان نے 81+ کلوگرام کیٹیگری میں طلائی تمغہ جیتا ہے۔
پروین نے جاپان کی کیٹو مائی کو 5-0 سے شکست دی۔ پروین نے عالمی چمپئن شپ میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔ وہ کامن ویلتھ گیمز میں حصہ نہیں لے سکیں۔ انہوں نے فورتھ سیڈ جاپانی کھلاڑی کو یک طرفہ مقابلے میں شکست دی۔
اپنے پہلے میچ میں لولینا نے قازقستان کی ویلنٹینا خلجووا کے خلاف 3-2 سے کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے اس جیت کے بعد اپنے تمغے کی تصدیق کر دی تھی۔
سویٹی نے قازقستان کے گلسایا یرژان کو5-0 سے شکست دی جب کہ الفیہ نے حریف کی نااہلی کی وجہ سے اردن کے اسلام حسینی کو شکست دے کر گولڈ میڈل جیتا۔
دوسری طرف میناکشی نے فلائی ویٹ ڈویزن (52 کلوگرام) میں چاندی کا تمغہ جیت کر اپنی پہلی ایشین چمپئن شپ مہم کا اختتام کیا۔میناکشی نے سخت محنت کی لیکن سونے کا تمغہ جاپان کی کینوشیتا رنکا سے 1-4 سے ہار گئے۔
پانچ بار ایشین چمپئن شپ کا تمغہ جیتنے والے شیوا تھاپا واحد مرد باکسر ہیں جنہوں نے اس باوقار ٹورنامنٹ میں فائنل میں جگہ بنائی ہے جس میں ہندوستان کے 12 تمغے یقینی ہیں۔ایونٹ میں 27 ممالک کے 267 باکسرز نے شرکت کی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS