Image:republicworld.com

دورۂبنگلہ دیش میں ضابطہ اخلاق کیخلاف ورزی کا الزام، آسام میں بھی شکایت درج
کولکاتا (ایجنسیاں): وزیر اعظم نریندر مودی کے بنگلہ دیش دور ے پر اوراکانڈی میں متوا برادری کے مندر میں جانے پر ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) نے باضابطہ شکایت درج کرائی ہے۔ ٹی ایم سی نے وزیر اعظم نریندر مودی کے دورے کو جمہوری اقدار اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔پارٹی کا کہنا ہے کہ دورے کے دوسرے دن وزیراعظم نے، جو کچھ کیا، وہ جمہوری اقدار اورانتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔ ٹی ایم سی نے الیکشن کمیشن سے وزیر اعظم مودی کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے کی درخواست کی ہے۔ٹی ایم سی نے یہ بھی شکایت کی ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اپنے ساتھ مغربی بنگال کے رکن پارلیمنٹ شانتنو ٹھاکر کو بھی لے کر گئے، جو کسی سرکاری عہدے پر فائز نہیں ہیں۔ نیز بنگلہ دیش کے مندروں کا دورہ کرنے کا مقصد صرف اور صرف ووٹروں کو متاثر کرنا تھا۔ ٹی ایم سی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے سرکاری عہدے کا غلط استعمال کیا ہے۔ انہوںنے غیر ملکی سرزمین سے ہندوستان کے انتخابی عمل میں مداخلت کرنے کی کوشش کی ہے۔ اب دیکھنا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے اس معاملہ میں کیا کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی 2 دن کے دورے پر بنگلہ دیش گئے تھے۔ اس دوران انہوں نے متوا طبقہ کے لوگوں کے مندر کا بھی دورہ کیا تھا۔ اتنا ہی نہیں وزیر اعظم مودی متوا برادری کے بانی ہریش چندر ٹھاکر کے جائے پیدائش پر بھی گئے تھے۔وزیر اعظم مودی اس دوران بنگلہ دیش کے یوم آزادی کی 50ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب میں بھی شامل ہوئے تھے۔ متوا طبقہ کے لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ایک شخص سے اپنی بات چیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ کسی نے سوچا بھی نہیں تھا کہ کوئی ہندوستانی وزیر اعظم یہاں آئے گا اور متوا طبقہ کے مندر میں پوجا کرے گا۔
دریں اثنا کانگریس کے ایک وفد نے آج چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کی اور اس سلسلے میں بی جے پی پر آسام اسمبلی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے شکایت درج کرائی ہے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS