بھٹا پکاتے وقت پیش آیا حادثہqبچوں کی عمر ڈھائی سے 5 سال
ارریہ (ایس این بی):ارریہ میں پلاسی کے کبیا گائوں میںایک ہی کنبہ کے 6 بچوں کی آگ میں جلنے سے موت ہوگئی۔ ان کی عمر ڈھائی سے5 سال بتائی جارہی ہے۔ یہ سبھی ایک کمرے میں مکے کے بھٹے پکا رہے تھے۔پاس میں ہی مویشیوں کا سوکھا چارا رکھا تھا، جس میں چنگاری سے آگ لگ گئی۔ دوسرے بچے چیخے، تو گھروالے موقع پر پہنچے، لیکن تب تک دیر ہوچکی تھی۔ سبھی بچوں کا کنبہ مزدوری کرتاہے۔ آگ میں مارے گئے ایک بچے علی حسن کے چچا نیر نے بتایا کہ اچانک آگ بھڑک گئی۔ آگ اتنی تیز تھی کہ لوگوں کو پتہ بھی نہیں چل پایا کہ اندر کتنے بچے ہیں۔ جب آگ بجھائی گئی، تب سبھی کو گھر میں6 بچوں کی موجودگی کے بارے میں جانکاری ملی، جس وقت انہیں نکالا گیا، تب سبھی بچے جھلس چکے تھے۔ اس واقعہ کے بعد پورا گائوں غمگین ہے۔ دن بھر لوگ گھروالوں کو تسلی دینے پہنچتے رہے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ گھر میں، جہاں بچے موجود تھے، وہاں پاس میں پوال (ایک طرح کی سوکھی گھاس) رکھا ہواتھا۔ اس کی وجہ سے آگ بھڑکی تھی۔ آگ لگنے کے بعد گائوں کے لوگوں نے اپنے وسائل سے ہی آگ پر قابو پایا۔ حالانکہ فائر بریگیڈ بھی آدھے گھنٹے کے اندر ہی موقع واردات پر پہنچ گئی تھی۔ اس وجہ سے آگ پھیل نہیں پائی اور ایک ہی گھر اس کی زد میں آیا۔
پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا ہے۔ جان گنوانے والے بچوں کی شناخت افسر (5سال)، گلناز((2.5سال)، دلبر (4سال)، برکس(3سال)، علی حسن(4 سال) اور خوش نہار(5 سال ) کے طور پر ہوئی ہے۔ صدر ایس ڈی او شیلیش چندر دیواکر نے کہا کہ سبھی بچے ایک ہی کنبہ کے تھے۔ آگ پر بھٹا پکانے کے دوران آگ لگنے سے سبھی اس میں جھلس گئے۔ پولیس نے بتایا کہ جس گھر میں آگ لگی، وہ منظور علی کا تھا اور اس کے بچے دلبر کی بھی اس حادثہ میں موت ہوگئی ہے۔ حکومت نے مہلوکین بچوں کے گھروالوں کو4-4لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔وہیں واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس اور انتظامیہ کے افسران موقع پر پہنچ گئے ہیں۔حادثہ کے بعد پورے گائوںمیں ماتم چھایا ہوا ہے۔ گائوں کے سبھی لوگ بچوں کے گھروالوں کو تسلی دینے پہنچ رہے ہیں۔ واضح ہو کہ اس سے قبل 15 مارچ کو کشن گنج میں بھی گھر میں آگ لگنے سے ایک کنبہ کے 5 لوگوں کی جلنے سے موت ہوگئی تھی۔ آگ لگنے کے دوران گیس سلنڈر پھٹنے سے ایک ہی کنبہ کے 4 بچے اور ان کی ماں زندہ جل گئی۔ مرنے والوں میں 2 بیٹیاں بھی شامل ہیں۔ گیس سلنڈر کا دھماکہ اتنا زبردست تھا کہ موقع واردات پر لاش بکھری پڑے تھی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS