کووڈ سے متعلق رہنما ہدایات 30 ستمبر تک نافذ رہیں گی

0
imgae:business today

نئی دہلی:(یو این آئی) مرکزی وزارت داخلہ نے کووڈ وبا سے نمٹنے اور اس کے انتظام کے لئے ملک بھر میں چلائی جارہی مہم کے تحت جاری رہنما ہدایات اور کووڈ سے متعلق مناسب رویہ پر عمل کی مدت میں 30 ستمبر تک اضافہ کردیا ہے۔
مرکزی داخلہ سکریٹری اجے بھلہ نے آج ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں کے چیف سکریٹریوں اور منتظمین کو الگ الگ خط لکھ کر کہا کہ کووڈ۔ 19 سے بچاؤ اور روک تھام کے لئے ملک بھر میں پہلے سے ہی نافذ صحت اور کنبہ بہبود کی مرکزی وزارت کے رہنما خطوط اور احتیاطی تدابیر اب 30 ستمبر تک نافذ رہیں گی۔ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں کو لکھے گئے خط میں مسٹربھلہ نے کہا کہ قومی سطح پر وبا کی صورتحال کل ملاکر مستحکم ہے لیکن کچھ ریاستوں میں انفیکشن میں ابھی بھی اضافہ دیکھا جارہا ہے جو باعث تشویش ہے۔انہوں نے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں سے کہا ہے کہ تہواروں کے پیش نظر بھیڑ نہ ہونے دیں اور ضرورت پڑنے پر مقامی سطح پر پابندی لگائیں جس سے بھیڑ اور بڑی تعداد میں لوگوں کو یکجا ہونے سے روکا جائے سکے۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ سے متعلق مناسب رویہ کو سختی سے نافذ کیا جانا چاہیے۔ ساتھ ہی جانچ، شناخت ، علاج، ٹیکہ کاری اور کووڈ سے متعلق مناسب رویئے کی پانچ سطحی پالیسی پر پوری طرح زور دیا جانا چاہیے۔
مسٹر بھلہ نے کہا کہ جن اضلاع میں انفیکشن کی شرح کافی زیادہ ہے انہیں بہتر طریقے سے ان پر روک لگانے کے لئے ٹھوس قدم اٹھانے چاہئیں۔ ممکنہ علاقوں کی شناخت کرکے انتباہ اور اشاروں کی بنیاد پر فوری قدم اٹھانے سے معاملوں کو بڑھنے سے روکا جاسکتا ہے۔ اس کے لئے صحت اور کنبہ بہبود کی مرکزی وزارت کی جانب سے مشاورت میں واضح نظریئے کی بنیاد پر قدم اٹھانے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں سے کووڈ سے متعلق مناسب رویئے پر عمل آوری سے متعلق ہفتہ وار اعداد و شمار سے اشارے مل رہے ہیں کہ ملک میں انہیں نافذ کرانے میں کچھ نرمی برتی جارہی ہے اس لئے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں کو سوشل ڈسنسنگ اور ماسک لگانے جیسے طریقوں کو سختی سے نافذ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکہ کاری پروگرام کی پیش رفت اطمینان بخش ہے اور ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو اُسے اِسی رفتار سے جاری رکھنا ہوگا جس سے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو جلد سے جلد ویکسین دی جا سکے۔
مسٹر بھلہ نے کہا کہ جن خطوں میں وائرس کا انفیکشن نہیں ہے یا جہاں کم ہے، وہاں جانچ اور دیگر تمام طریقوں کو اپنایا جانا چاہیے جس سے کہ وہاں دوبارہ انفیکشن نے پھیل سکے۔ انہوں نے کہا کہ سبھی ریاستی ، ضلعی اور مقامی حکام کو سخت ہدایات جاری کرکے کووڈ کے مناسب رویے پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔ اس معاملے میں کسی بھی قسم کی غفلت کے لیے متعلقہ افسر کو جوابدہ بنانا ضروری ہے۔ بیک وقت ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو یہ یقینی بنانا ہوگا کہ ان کے جاری کردہ احکامات زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچیں اور لوگوں میں اس بارے میں بیداری آئے۔

 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS