دہلی میں کورونا کوپھیلنے سے روکنے کےلئے حرکت میں آئی مرکزی حکومت

0

نئی دہلی: قومی دارالحکومت میں کورونا انفیکشن کے بڑھتے خطرے پر لگام لگانے کےلئے مرکزی حکومت نے اسپتالوں میں آئی سی یو بیڈ اور آرٹی پی سی آر کی تعداد بڑھانے  اور مرکزی پولیس فورس کے اسپتالوں میں تعینات ڈاکٹروں کی دہلی میں تعیناتی جیسے متعداد اقدامات اٹھائے ہیں۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اتوار کو دہلی میں کورونا انفیکشن کی خطرناک صورت سے نمٹنے کےلئے ایک اعلی سطحی میٹنگ کی تھی۔ اس میٹنگ کے بعد مرکز اور دہلی حکومت کے ذریعہ حالات سے نمٹنے کےلئے مل کر قدم اٹھانے کی بات کہی گئی تھی۔ وزارت داخلہ کے ترجمان نے بدھ کو بتایا کہ مرکزی حکومت نے کئی قدم اٹھائے ہیں جن کے تحت ڈی آر ڈی او ایئرپورٹ کے نزدیک چلائے جارہے کووڈ اسپتال میں 250 اضافی آئی سی یو بیڈ مہیا کرائے جائیں گے۔ مرکزی پولیس فورس کے اسپتالوں میں تعینات 45 ڈاکٹر اور 145 نیم فوجی دستوں کو دہلی ایئرپورٹ کے نزدیک واقع اسپتال اور چھترپور میں بنائے گئے خصوصی کووڈ اسپتال میں تعینات کیا گیا ہے۔
آنے والے دنوں میں کچھ دیگر ڈاکٹر اور طبی اہلکار بھی ان اسپتالوں میں تعینات کئے جائیں گے۔ وزارت داخلہ نے مختلف ایجنسیوں کے افسروں کی دس ٹیمیں تشکیل دی ہیں جو 100 سے بھی زیادہ نجی اسپتالوں میں جاکر بستروں کے حالات اور جانچ کی صلاحیت اور آئی سو یو بیڈ کی صورت حال کا جائزہ لیں گی۔ ریلوے بھی شکور بستی میں ٹرین کوچوں میں 800 بیڈ تیار کررہی ہے مرکزی پولیس فورس کے ڈاکٹر اور طبی اہلکار یہاں تعینات کئے جائیں گے۔ترجمان نے بتایا کہ بھارت الیکٹرونکس لیمیٹڈ نے بینگلورو سے دہلی کے اسپتالوں کےلئے 250 وینٹیلیٹر بھیجے ہیں۔ اس کے علاوہ بی آئی پی ایپ مشینیں بھی بھیجی جارہی ہیں۔ گھر گھر جاکر جانچ سروے کا منصوبہ بھی تیزی سے شروع کیا جارہا ہے۔ اس کا اس ہفتے کے آخر تک شروع ہونے کا امکان ہے۔ یہ سروے 25 نومبر تک پورا کرلیا جائےگا۔ انڈین میڈیکل سائنس تحقیقی کونسل اور دہلی حکومت مل کر آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ کی صلاحیت 60,000 تک کرنے کی سمت میں بھی کام کررہی ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS