پرالی جلانا جرم کوئی نہیں،ایم ایس پی کیلئے بنے گی کمیٹی

0

نئی دہلی (ایجنسیاں) مرکز کی مودی حکومت نے کسانوں کے ایک اور مطالبہ کوتسلیم کرلیاہے۔ مرکزی وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر نے آج کہا کہ حکومت نے کسانوں کے ذریعہ پرالی جلانے کے عمل کو جرم کے زمرے سے باہر کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کا یہ مطالبہ بھی قبول کر لیا گیا ہے۔مرکزی وزیر زراعت نے کہا کہ کسانوں کے تقریباً تمام مطالبات تسلیم کر لئے گئے۔ ایسے حالات میں انہیں اب اپنے گھروں کو لوٹ جانا چاہئے۔ تومر نے کہا جب تینوں زرعی قوانین واپسی کا اعلان وزیر اعظم نریندر مودی بذات خود کر چکے ہیں اور پارلیمنٹ میں بل لانے کا عمل بھی شروع ہو چکا ہے توکسانوں کو احتجاج ختم کر دینا چاہئے۔رہی بات کسان تحریک کے دوران مظاہرین کے خلاف درج مقدمات کو واپس لینے کی تو تومر نے کہا کہ یہ ریاست کا موضوع ہے اور وزیر اعظم نے کسانوں کو ایم ایس پی دینے کیلئے کمیٹی بنانے کا اعلان کیا ہے، اس کی رپورٹ آتے ہی کارروائی شروع کر دی جائے گی۔ واضح رہے کہ 29 نومبر یعنی پیر کے روز سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے پہلے ہی دن حکومت زرعی قوانین واپسی پر بل پیش کرنے جا رہی ہے۔ وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر بل پیش کریں گے اور اسی روز ایوان میں زرعی قوانین کی واپسی کے معاملے پر بحث ہوگی اور اسے منظور کرایا جائے گا۔ بی جے پی نے اپنے تمام ممبران پارلیمنٹ کو 3 سطری وہپ جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ وہ اس دن ایوان میں موجود رہیں۔ راجیہ سبھا کے ممبران کو بھی وہپ جاری کیاجاچکاہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS