اسرائیل کا دبئی کے لیے پروازیں بند کرنے کا عندیہ

0
https://www.flightglobal.com/

تل ابیب(ایجنسیاں) : اسرائیل نے اپنی ایئرلائنز کے لیے سیکورٹی انتظامات پر عدم اطمینان اور اس پر پیدا ہونے والے تنازع کی وجہ سے دبئی کے لیے پروازیں بند کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل نے سیکورٹی انتظامات پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دبئی کے لیے اپنی پروازیں بند کرنے کا امکان ظاہر کیا ہے تاہم ابوظہبی کے لیے پروازیں جاری رہیں گی۔اسرائیل کا کہنا ہے کہ ابوظہبی کے لیے بھی اپنی پروازوں کا راستہ تبدیل کرنے پر غور کر رہے ہیں۔دبئی کے لیے 3 اسرائیلی ایئر لائنز ’’ال عال، اسرائیر اور آرکیا‘‘ کے لیے موجودہ سیکورٹی انتظامات کا ضابطہ اخلاق منگل کو ختم ہونے والا ہے اور اب مذاکرات کاروں کے پاس صرف 48 گھنٹے بچے ہیں۔تاہم اس سے قبل ہی اسرائیل نے سیکورٹی انتظامات کو ناقص اور غیر مطمئن قرار دیتے ہوئے دبئی کے لیے پروازوں کو بند کرنے کا عندیہ دیا ہے جس کا باضابطہ اعلان بدھ کو متوقع ہے۔اگر اسرائیلی اور دبئی کے حکام بدھ سے قبل کسی سیکورٹی پلان پر متفق ہوجاتے ہیں تو نیا پلان بدھ سے نافذ العمل ہوجائے گا اور اسرائیلی پروازیں معمول کے مطابق دبئی آئیں گی۔بصورت دیگر تینوں اسرائیلی ایئر لائنز کمپنیاں اپنی پروازیں بند کردیں گی تاہم اس کا فائدہ امارات کی قومی ایئرلائن ’’فلائی دبئی‘‘ کو ہوگا جو تل ابیب کے لیے براہ راست پرواز چلاتی ہے۔خیال رہے کہ اسرائیل سے سفارتی تعلقات کی بحالی کے بعد متحدہ عرب امارات کے لیے براہ راست پروازیں 2020 میں شروع ہوئی تھیں جس کے لیے اسرائیلی سیکورٹی ایجنسی ’’ شن بیٹ‘‘ نے پروازوں اور مسافروں کے لیے حفاظتی منصوبہ تیار کیا تھا۔اس منصوبے پر دونوں ممالکنے اتفاق کیا تھا جس کی معیاد منگل کے روز ختم ہورہی ہے اور اس سے قبل ہی اسرائیلی سیکورٹی ایجنسی ’’ شن بیٹ‘‘نے سیکورٹی پلان پر اختلاف کا اظہار کیا ہے جو پروازوں کی معطلی کا سبب بن سکتے ہیں۔عالمی میڈیا کے رابطہ کرنے کے باوجود اسرائیلی سیکورٹی ایجنسی نے سیکورٹی پلان پر اختلاف کی وجہ اور نوعیت بتانے سے گریز کیا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS