پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس :ارکان کی معطلی پر اپوزیشن چراغ پا

0

ایوان سے واک آؤٹv ضابطہ کے تحت کی گئی کارروائی:نائیڈوvکارروائی ضابطہ کے خلاف:کھڑگے
نئی دہلی (ایجنسیاں) : اپوزیشن جماعتوں کے ارکان نے ایوان بالا راجیہ سبھا سے اپوزیشن کے بارہ ارکان کی معطلی کے خلاف منگل کو ایوان سے واک آؤٹ کیا۔ضروری دستاویز میز پر رکھے جانے کے بعد قائد حزب اختلاف ملک ارجن کھڑگے نے اپوزیشن پارٹیوں کے ارکان کی معطلی کا معاملہ اٹھایا اور کہا کہ یہ ضابطہ کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ارکان کی معطلی کی قرارداد اس واقعہ کے بعد لائی گئی ہے اور بعض ارکان جن کاہنگامہ آرائی سے کوئی تعلق نہیں تھا، انہیں بھی معطل کردیا گیا ہے۔بعد ازاں چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے کہا کہ ارکان کے خلاف ضابطہ کے تحت کارروائی کی گئی ہے اور یہ کارروائی ایوان نے کی ہے، چیئرمین نے نہیں کی۔ اس کے بعد کانگریس، عام آدمی پارٹی، راشٹریہ جنتا دل، سماج وادی پارٹی اور بائیں بازو کی جماعتوں کے ارکان نے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔کچھ دیر بعد ترنمول کانگریس اور بہوجن سماج پارٹی کے ارکان بھی ایوان سے واک آؤٹ کر گئے ۔ قبل ازیں مسٹر کھڑگے نے الزام لگایا کہ پارلیمانی امور کے وزیر ضابطوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ارکان کو معطل کرنے کی قرارداد لائے ہیں۔ قائد حزب اختلاف نے اس مسئلہ پر سوال اٹھانے کی اجازت مانگی تو انہیں اجازت نہیں دی گئی، جو پارلیمانی روایات کی خلاف ورزی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر کوئی رکن جان بوجھ کر ایوان کی کارروائی میں رکاوٹ ڈالتا ہے تو چیئرمین اسے معطل کرنے سے پہلے نامزد کرتے ہیں اور اس کے بعد معطلی کی تحریک لائی جاتی ہے۔ بعد میں ہنگامہ آرائی کے درمیان مسٹر ونکیا نائیڈو نے کہا کہ ارکان کو 10اگست کی ایوان کی کارروائی کو دیکھنا چاہئے ۔ اپوزیشن کے کچھ ارکان میز پر چڑھ گئے، کاغذات کرسی پر پھینکے گئے، جو ایوان کی توہین ہے ۔ اس کے بعد وقفہ صفر کا اعلان کیا گیا، لیکن مسٹر کھڑگے اپنی بات پر قائم رہے ۔ اسی دوران کانگریس کے ارکان ایوان کے وسط میں آگئے اور نعرے لگانے لگے۔ چیئرمین نے کہا کہ یہ جمہوریت کی توہین ہے ۔ جمہوریت میں آپ اپنی بات کہہ سکتے ہیں یا ایوان سے باہر جا سکتے ہیں۔ اپوزیشن کو ایوان سے باہر جانے کا حق ہے۔ اس کے بعد اپوزیشن جماعتوں کے اراکین نے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔اس کے کچھ دیر بعد ترنمول کانگریس کے ڈیرک اوبرائن نے کہا کہ مانسون اجلاس کے دوران اپوزیشن ارکان کو ہنگامہ آرائی کرنے پر مجبور کیا گیا ۔ وہ ایوان کے وقار کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔ اپوزیشن کا کوئی قصور نہیں۔ اس کے بعد ترنمول کانگریس کے ارکان نے بھی ایوان سے واک آؤٹ کیا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS