راہل کانگریس صدر کے انتخاب کے لیے بیلاری میں ووٹ دیں گے

0

نئی دہلی (یو این آئی) کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کانگریس صدر کے عہدہ کے انتخاب میں پیر کو کرناٹک کے بیلاری کے سنگنا کلو میں اپنا ووٹ ڈالیں گے۔ کانگریس کے کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے انچارج جے رام رمیش نے اتوار کو کہا کہ مسٹر گاندھی کے ووٹ ڈالنے کے بارے میں کسی قسم کی قیاس آرائی کی ضرورت نہیں ہے اور وہ کل بھارت جوڑو یاترا میں شامل دیگر مندوبین کے ساتھ سنگنا کلو میں ووٹ ڈالیں گے۔
مسٹر رمیش نے ٹویٹ کیا “اس بارے میں سوالات پوچھے جا رہے ہیں کہ راہل گاندھی کل صدر کے انتخاب کے لیے اپنا ووٹ کہاں ڈالیں گے۔ کچھ بھی قیاس نہیں کیا جانا چاہیے۔ وہ تقریباً 40 دیگر بھارت جوڈو یاتریوں ، جو پی سی سی کے مندوبین ہیں، کے ساتھ بیلاری کے سنگنا کلو میں بھارت جوڈو یاترا کے کیمپ کے مقام پر ووٹ ڈالیں گے۔
واضح ر ہے کہ کانگریس صدر کے عہدہ کا انتخاب 17 اکتوبر کو ہونا ہے۔ پارٹی کی بھارت جوڑو یاترا، جو پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی کی قیادت میں کنیا کماری سے کشمیر تک چلائی جا رہی ہے، کرناٹک کے بیلاری ضلع میں ہے اور پارٹی کے الیکشن ڈیپارٹمنٹ نے یاترا میں شامل مندوبین کے لیے یاترا کے مقام پر ہی ووٹ دینے کے انتظامات کیے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS