حملہ افسوسناک: محبوبہ مفتی، الیکشن جیتنے کیلئے کسی بھی حد تک جاسکتی ہے بی جے پی: تیجسوی
سری نگر(یو این آئی/ایجنسیاں) :پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی پر انتخابی تشہیر کے دوران ہونے والے مبینہ حملے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے یہ بات روشن ہوجاتی ہے کہ ملک پر کس حد تک نفرت کا غلبہ ہے ۔انہوں نے ممتا بنرجی کی جلد صحتیابی اور ان کی انتخابی مہم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے یہ باتیں اپنے ایک ٹوئٹ میں کہیں۔ان کا ٹوئٹ میں کہنا تھا: ’ممتا بنر جی پر انتخابی ریلی کے دوران حملہ ہونے پر سخت افسوس ہوا۔ اس سے یہ بات روشن ہوجاتی ہے کہ ملک پر کس حد تک نفرت کا غلبہ ہے ۔ میں ان کی جلد صحتیابی کے لئے دعا گو ہوں اور ان کی انتخابی مہم کے لئے میری نیک خواہشات ہیں۔‘دریں اثنا نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے بھی ممتا بنرجی پر مبینہ حملے کی پر زور مذمت کی ہے ۔عمر عبداللہ نے جمعرات کے روز اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا: ’ہم (میں اور میرے والد) انتخابی مہم کے دوران ممتا بنرجی پر ہوئے حملے کی مذمت کرتے ہیں۔ انتخابی مہموں کے دوران ہونے والی گرما گرمی جسمانی تشدد پر منتج نہیں ہونی چاہئے ۔ امید ہے کہ الیکشن کمیشن اس مسئلے کی تہہ تک پہنچے گا۔‘قابل ذکر ہے کہ ممتا بنرجی بدھ کے روز نندی گرام میں انتخابی تشہیر کے دوران زخمی ہوئی تھیں۔ ان کی پارٹی ترنمول کانگریس کا الزام ہے کہ ان پر حملہ کیا گیا ہے ۔ممتا بنرجی کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے اور ڈاکٹروں کے مطابق ان کے پیر، کاندھوں اور گردن میں چوٹ آئی ہے ۔
دوسری جانب مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتابنرجی پر حملے کے بعد آر جے ڈی کے ورکنگ صدر تیجسوی ممتا کی حمایت میں آگئے ہیں اور انہوں نے بی جے پی پر کسی بھی طرح سے الیکشن جیتنے کا الزام لگایا ہے ۔جمعرات کے روز ممتا بنرجی پر مبینہ حملے پر تیجسوی نے کہا ، ‘جس قدر مذمت کی جائے کم ہے۔ ٹی ایم سی نے الیکشن کمیشن سے شکایت کی ہے۔ بی جے پی الیکشن جیتنے کے لئے کوئی بھی قدم اٹھاسکتی ہے۔ اس کا مقصد کسی طرح الیکشن جیتنا ہے۔ بی جے پی اور آر ایس ایس اس کے لئے کسی بھی حد تک جاسکتی ہیں۔
اس دوران کانگریس کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے ممتا بنرجی کے چوٹ لگنے کے معاملے پر بولتے ہوئے کہا کہ اگر حملہ ہوا تو سی بی آئی، این آئی اے یا سی آئی ڈی کو بلایا جائے۔ انہوں نے سوالیہ انداز میں کہا کہ معاملے کی جانچ کے لئے ایس آئی ٹی کی تشکیل کی جاسکتی ہے۔ لیکن وہ ایسا کیوں نہیں کررہی ہے۔ لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر ادھیر رنجن نے کہا کہ آپ سازش کی بات اس لئے کررہی ہیں کہ عوام کی ہمدردی حاصل کی جاسکے۔ آحر پولیس اور سی سی ٹی وی کیمرے کہاں تھے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج نکالئے سچائی پوری طرح سے سامنے آجائے گی۔
اس دوران بی جے پی کا دو لیڈروں پر مشتمل ایک وفد کولکاتا کے ایس ایس کے ایم اسپتال میں پہنچا جہاں ممتا بنرجی زیر علاج ہیں۔ تاہم ان کی ملاقات ممکن نہیں ہو سکی۔ بی جے پی کے وفد میں تتھاگت رائے اور شامک بھٹاچاریہ شامل تھے۔ ممتا بنرجی گزشتہ روز مبینہ حملہ میں زخمی ہونے کے بعد ایس ایس کے ایم اسپتال میں زیر علاج ہیں۔بی جے پی لیڈر تتھاگت رائے نے کولکاتا نے ایس ایس کے ایم اسپتال کے باہر کہا، ’ہم ان سے (ممتا بنرجی) سے ملاقات کرنا چاہتے تھے لیکن طبی صلاح کی وجہ سے یہ ممکن نہیں ہو سکا۔ ہم نے اروپ وشواس سے ملاقات کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔‘

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS