10 روپے اداکرنے کے بعد ہی قبرستان میں داخلے کی اجازت

0

انوار الحق
نئی دہلی (ایس این بی) : سنگم وہار علاقہ واقع قبرستان کے اندر جانے کے لیے 10روپے کی پرچی کٹوانی پڑتی ہے۔ یہ بات سننے میں ذرا عجیب ضرور ہے لیکن بالکل حقیقت اور سچ پر مبنی ہے ۔ اطلاعات کے مطابق جنوبی دہلی کی سب سے بڑی کالونی سنگم وہار میں مدینہ مسجد کے پاس ایک قبرستان ہے ، جہاں گزشتہ4 ماہ سے میت کی تدفین کے لئے200 روپے کی پرچی کاٹی جاتی ہے، تب ہی قبرستان میں تدفین کے لئے داخلہ ممکن ہے ،یہی نہیں فاتحہ پڑھنے کے لئے جب کوئی شخص قبرستان میں جاتا ہے تو اس سے بھی داخلے کے نام پر10 روپے وصول کیے جا تے ہیں۔بتایا جاتا ہے جہاں پر یہ قبرستان واقع ہے وہ پورا علاقہ محکمۂ جنگلات کے دائرۂ اختیار میں آتا ہے جس کی دیکھ بھال اسی محکمہ کے افسران کرتے ہیں۔ ان کے کہنے پر یہ پیسے لئے جا رہے ہیں۔
اس کی شکایت قبرستان کمیٹی اور مقامی لوگوں نے دہلی کے وزیر جنگلات گوپال رائے اور علاقے کے ایم ایل اے دنیش مونگیا سے بھی کی جس کا فی الحال کوئی نتیجہ سامنے نہیں آیا ہے۔بعد ازاںانتظامیہ کمیٹی اور مقامی لوگوں نے اس کی شکایت دہلی اقلیتی کمیشن کے چیئرمین ذاکر خان سے کی جس پر انہوں نے معاملے سے جڑے افسران کو خط لکھ کر جواب طلب کیا ہے۔ ذاکر خان آج سنگم وہار علاقہ میں ایک پروگرام میں شرکت کے لئے پہنچے تھے تو مقامی لوگوں نے قبرستان سے متعلق اپنی پریشانیوں سے انہیں واقف کرایا۔ اس کے بعد انہوںنے جائے وقوع کا دورہ کیا اور متاثرین کو یقین دہانی کرائی کہ وہ جلد سے جلد اس مسئلہ کا حل نکالیںگے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS