سلامتی کونسل کے اجلاس میں مدعو نہ کرنے پر پاکستان کی شدید مذمت

0

اقوام متحدہ (یوا ین آئی) : اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا کہ افغانستان سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں پاکستان کو مدعو نہ کرنا سلامتی کونسل کے قوانین کی خلاف ورزی ہے۔پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا کہ پاکستان نے طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے اہم کردار ادا کیا، اسی وجہ سے پاکستان نے افغانستان سے متعلق سلامتی کونسل کے اجلاس میں شرکت کی درخواست کی تھی لیکن اس کے باوجود پاکستان کو مدعو نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ افغانستان کے نمائندے کو تقریر کی اجازت دی گئی، افغانستان میں امن مخالف عناصر کے پاکستان پر الزامات کی مذمت کرتے ہیں، مسلح گروہ افغانستان میں امن نہیں دیکھنا چاہتے 11 اگست کو دوحہ قطر میں ہونے والے سہ فریقی اجلاس کے منتظر ہیں۔
سلامتی کونسل کے اجلاس میں نہ بلانے پر پاکستانی مندوب نے سلامتی کونسل کے صدر کو خط بھی بھیج دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ این جی او کو سلامتی کونسل اجلاس میں بلایا جا سکتا ہے ، پاکستان کو کیوں نہیں؟منیر اکرم نے اپنے خط میں لکھا کہ دو عشروں سے افغانستان کی صورتحال سے متاثر پاکستان کو اجلاس میں بلانا چاہیے تھا،۔ انہوں نے الزام لگایا کہ سلامتی کونسل میں ہندوستان کی سربراہی کی وجہ سے شفافیت کی امید نہیں تھی۔اس موقع پر برطانوی مندوب نے کہا کہ طالبان نے جنگ کے ذریعے حکومت قائم کی تو تسلیم نہیں کریں گے جبکہ فرانس کی جانب سے طالبان کے حالیہ اقدامات کی مذمت کی گئی۔چینی مندوب نے کہا کہ افغان صورتحال کا سیاسی حل بھی ڈائیلاگ کے ذریعے ہی ممکن ہے ، امریکہ اور ناٹو ہاتھ جھاڑ کر مسائل پیچھے نہ چھوڑیں ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS