سی بی آئی میں عارضی ڈائریکٹر کی تقرری کے خلاف عرضی پر مرکز کو نوٹس

0

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کے ڈائریکٹر کے عہدے پر عارضی تقرری سے متعلق درخواست پر مرکزی حکومت سے جمعہ کے روز جواب طلب کیا۔جسٹس ایل ناگیشور راؤ اور جسٹس ایس رویندر بھٹ پر مشتمل ڈویژن بنچ نے غیر سرکاری تنظیم ’کامن کاز‘کی طرف سے دائر کی جانے والی مفاد عامہ کی عرضی پر سماعت کے دوران مرکزی حکومت کو نوٹس جاری کیا۔عدالت نے مرکز کو نوٹس کا جواب دینے کیلئے 2 ہفتے کی مہلت دی ہے۔ درخواست گزار کی طرف سے پیش ہونے والے سینئر وکیل پرشانت بھوشن نے پروین سنہا کی عبوری،کارگزار ڈائریکٹر کی حیثیت سے سی بی آئی کے ڈائریکٹر کے عہدے پر تقرری کی مخالفت کی۔ مسٹر رشی کمار شکلا کے 2فروری کو ڈائریکٹر کے عہدے سے سبکدوش ہونے کے بعد پروین سنہا کی عبوری تقرری کی گئی تھی۔مسٹر پرشانت بھوشن نے دلیل دی کہ سی بی آئی کے عارضی ڈائریکٹر کے عہدے پر تقرری کا کوئی التزام نہیں ہے۔ مستقل ڈائریکٹر کی عدم تقرری سے تحقیقاتی ایجنسی کا کام کاج متاثر ہوتاہے۔ پرشانت بھوشن نے کہا کہ معاملہ بہت سنجیدہ ہے اور جلد ہی اس پر سماعت کی جانی چاہئے۔ تاہم، عدالت نے مرکزی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اس معاملے کی سماعت 2 ہفتے کیلئے ملتوی کردی ہے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS