وزیراعظم مودی کے الزام پرایس پی سربراہ اکھلیش یادو کا جوابی حملہ

0
image:Deccan Herald

عوام بگاڑیں گے بی جے پی کے جھوٹ کا کھیل
لکھنؤ (یو این آئی) : ایس پی سربراہ اکھلیش یادو نے سابقہ حکومتوں پر کھیل کی صلاحیتوں کو نظر انداز کرنے کے وزیر اعظم نریندر مودی کے الزام پر پلٹ وار کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت نے توکھلاڑیوں کے اعزاز بھی بند کردیئے ہیں۔ اکھلیش نے کہاکہ اترپردیش میں ایس پی حکومت کے ذریعہ کشتی، ایتھلیٹ، ہاکی اور کرکٹ کے کھلاڑیوں کو دئیے جانے والے یش بھارتی اعزاز بھی بی جے پی کی یوگی حکومت نے بند کردئیے۔ انہوں نے کہا کہ ایس پی حکومت میں بنائے گئے کھیل انفرااسٹرکچر کو بھی برباد کردیا گیا۔ انہوں نے پوچھا کہ بی جے پی بتائے کہ اترپردیش کے کھیل انفرااسٹرکچر کیلئے مرکزی حکومت نے کتنا تعاون دیا ہے۔ اکھلیش نے وزیر اعظم مودی کے الزامات کوجھوٹ کا پلندہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ عوام 2022 میں بی جے پی کا ’جھوٹا کھیل‘بگاڑ دیں گے۔ قابل ذکر ہے کہ مودی نے میرٹھ میں میجر دھیان چند کھیل یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے کہا کہ گزشتہ حکومتوں میں کھیل کے نام پر یوپی میں مجرمین اورمافیا کے الگ ہی ’کھیل‘چلتے تھے۔
گزشتہ حکومتوں میں خواتین کے محفوظ نہ ہونے کے مودی کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے اکھلیش نے کہا کہ اترپردیش کے لوگ ہاتھرس سے لے کر اناؤ تک ہوئے خاتون ہراسانی کے معاملے کو نہیں بھولیں گے ۔بی جے پی ذہنیت خاتون مخالف رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ گھر پریوار والے ہی بہن-بیٹیوں اور بہوؤں کے احترام کا مطلب سمجھتے ہیں۔ اترپردیش کی خواتین اس کا جواب 2022 کے انتخابات میں دیں گی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS