image: firstpost.com

چنئی (ایجنسیاں) :سلامی بلے باز نتیش رانا(80) اور راہل ترپاٹھی (53)کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت کولکاتا نائٹ رائڈرس نے سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف اتوار کے روز آئی پی ایل14 کے تیسرے مقابلوں کو یکطرفہ انداز میں10 رن سے جیت لیا۔ کولکتہ نے20 اوور میں پانچ وکٹ پر 187 رنز کا چیلنجنگ اسکور بنایا ، جب کہ حیدرآباد کی ٹیم 20 اوور میں پانچ وکٹوں پر177 رنز ہی بنا سکی۔ حیدرآباد کی طرف سے منیش پانڈے نے ناٹ آوٹ61 اور جانی بیئرسٹو نے 55 رنز بنائے ۔ عبد الصمد نے صرف آٹھ گیندوں میں دو چھکے لگاتے ہوئے ناٹ آوٹ19 رنز بنائے ۔ منیش پانڈے نے اننگز کے آخری اوور میں آندرے رسل کی آخری گیند پر چھکا مارا لیکن حیدرآباد کو جیت دلانے کے لئے کافی نہیں تھا۔ رانا نے شبھمن گل(15) کے ساتھ پہلے وکٹ کے لئے سات اوورز میں 53 رنز کی عمدہ شراکت قائم کی۔ گل کو کرشماتی لیگ اسپنر راشد خان نے بولڈ کیا۔ گل نے13 گیندوں پر15 رنز میں ایک چوکا اور ایک چھکا لگایا۔ اس کے بعد رانا نے راہل ترپاٹھی کے ساتھ دوسری وکٹ کے لئے93 رنز کی زبردست شراکت کی۔ دونوں بلے بازوں نے اپنی اننگز کے دوران شاندار چوکے اور چھکے لگائے ۔ رانا نے ایک چھکا لگا کر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ترپاٹھی نے چوکا لگاکر اپنی نصف سنچری مکمل کی لیکن اس کے فورا بعد ہی وہ بائیں ہاتھ کے تیزگیندباز ٹی نٹراجن کی گیند کو اونچا کھیل گئے اور وکٹ کیپر ردھمن ساہا نے اپنے پیچھے جاکر کیچ لیا۔ ترپاٹھی نے29 گیندوں پر53 رنز میں پانچ چوکے اور دو چھکے لگائے ۔ آندرے رسل نے راشد کی گیند پر بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں منیش پانڈے کو کیچ دے دیا۔ رسل نے پانچ گیندوں پر پانچ رنز بنائے ۔رسل کی وکٹ گرنے کے بعد رانا اپنا صبر کھو بیٹھے اور آف اسپنر محمد نبی کی گیند پر وجے شنکر کو کیچ دے بیٹھے ۔ رانا نے56 گیندوں پر80 رن کی شاندار اننگز میں نو چوکے اور چار چھکے لگائے ۔ کپتان ایون مورگن صرف دو رنز بنانے کے بعد نبی کی گیند پر عبد الصمد کے ہاتھوں کیچ ہوگئے ۔کولکاتہ نے160 کے اسکور پر 2 وکٹیں گنوا دیں۔ دنیش کارتک نے دو گیندوں پر دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 22 رنز بنائے ، جبکہ بنگلہ دیش کے آل راؤنڈر شکیب الحسن صرف تین رنز بنانے کے بعد آخری گیند پر بھوونیشور کا شکار بن گئے ۔ حیدرآباد کی جانب سے راشد خان نے 4 اووروں میں24 رن دے کر 2 وکٹیں، محمد نبی نے چار اوورز میں32 رنز دے کر2 وکٹیں اور بھونیشور اور نٹراجن نے 1-1وکٹ حاصل کیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS