ایک دن میں ریکارڈ 10774نئے معاملے ،وزیر اعلیٰ کجریوال کا اظہار تشویش، لاک ڈاؤن کا اندیشہ
نئی دہلی( اظہار الحسن،ایس این بی ): وزیر اعلیٰ اروند کجریوال نے کورونا کے بڑھتے معاملے پر تشویش ظاہر کی ہے۔انہوں نے کہا کہ جس تیزی سے کورونا پھیل رہا ہے ،اگر اس سے زیادہ تیزی سے ویکسینیشن کردیتے ،تو ہم کورونا کو قابو کر سکتے تھے۔یہ کتنا تضاد ہے کہ ویکسین آنے کے باوجود کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے ۔ہمیں کورونا کو ہرانے کے لئے اس سے زیادہ رفتار سے ویکسی نیشن کرانا چاہئے۔مرکزی سرکار کو ویکسین کو لے کر سبھی پابندی ہٹا دینی چاہئے کیونکہ دہلی میں 65فیصد مریض 45سال سے کم عمر کے آرہے ہیں ۔دہلی سرکار گھر گھر جا کر دو سے تین مہینے کے اندر سبھی کو ویکسین لگانے کو تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ بیڈ مہیا ہونے کی جانکاری کے لئے ایپ کی مدد لیں اور بہت ضروری ہونے پر ہی اسپتال جائیں ،نہیں تو ہوم آئیسو لیشن کا فائدہ اٹھائیں ۔
وزیر اعلیٰ اروند کجریوال نے دہلی میں کورونا کے موجودہ حالات پر اتوار کو منعقد ڈیجیٹل پریس کانفرنس میں کہا کہ پورے ملک میں کورونا بہت تیزی سے بڑھ رہا ہے ۔دہلی میں بھی پچھلے 10سے15دن میں بہت تیزی سے کورونا بڑھ رہا ہے ۔اس سے پہلے دہلی میں تیسری لہر آچکی ہے ۔اب یہ چوتھی لہر ہے جو بہت ہی خطرناک ہے اور بہت تیزی سے بڑھ رہی ہے۔یہ اتنا تیزی سے بڑھ رہی ہے کہ بہت سارے لوگوں کی سمجھ سے باہر ہے۔جیسے کچھ دن پہلے تک وسطی مارچ تک 200سے بھی کم کیس ہر دن آنے شروع ہوگئے تھے۔پچھلے 24گھنٹہ میں کل دہلی میں 10,774نئے معاملے آئے اور 48لوگوں کی موت ہوئی۔ اس سے قبل گزشتہ سال 11نومبر کو سب سے زیادہ 8,593 معاملے سامنے آئے تھے، اس دن 131 متاثرین کی موت ہوئی تھی۔اروند کجریوال نے کہا کہ کورونا کی صورتحال بے حد تشویشناک ہے اور اس میں کوئی دو رائے نہیں ،لیکن ’آپ‘کی سرکار پوری طرح سے حالات پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ ہمیں جو بھی کرنے کی ضرورت ہے ،ہم وہ سب کر رہے ہیں۔اس میں خاص طور سے سرکاراکیلے بہت کچھ نہیں کر پائے گی ،اس میں دہلی والوں کو تعاون دینا پڑے گا۔ہم تین باتیں بار بار کہتے ہیں ،ماسک پہن کر رکھئے،سوشل ڈسٹینسنگ رکھیے اور بار بار ہاتھ دھوتے رہیے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہمیں گھر سے باہرتبھی نکلنا چاہیے جب بہت ضروری ہو۔مجھے پوری امید ہے کہ جیسے پچھلی تین لہر چلی گئی ،اسی طرح یہ چوتھی لہر بھی چلی جائے گی ۔ اروند کجریوال نے کہا کہ ہم لاک ڈائون نہیں لگانا چاہتے ہیں لیکن اسپتالوں میں بھیڑ بڑھ گئی اور سنگین مریضوں کے لئے بستر مہیا نہیں رہے تو لاک ڈائون لگایا جاسکتا ہے۔ کل سرکار کو مجبوری میں کچھ پابندی لگانے کا حکم دیا ہے۔جیسے بسوں میں 50فیصد لوگ بیٹھیں گے ،میٹرو میں بھی 50فیصد سیٹوں پر لوگ بیٹھ سکتے ہیں ،بار اور ریسٹورنٹ میں بھی 50فیصد سیٹوں پر لوگ بیٹھیں گے۔یہ سب پابندی آپ کی صحت کے تحفظ کے لئے لگائی گئی ہیں۔کسی بھی اسپتال میں بیڈ، آکسیجن اور وینٹی لیٹر کی کمی نہیں ہونی چاہئے ۔اس کا سارا انتظام ہم لوگ کر رہے ہیں ۔
اروند کجریوال نے کہا کہ کورونا کی دوائی یعنی ویکسین آگئی ہے اور اس کے باوجود کورونا اتنی تیزی سے پھیل رہا ہے ۔ہمیں کورونا کو ہرانے کے لئے کورونا سے زیادہ رفتار سے ویکسینیشن کرنا چاہئے تھا۔میں نے مرکزی سرکار سے کئی بار درخواست کی ہے ۔مرکزی سرکار اور وزیر اعظم کو مکتوب بھی لکھا ہے کہ ویکسین کے اوپر جتنی بھی پابندی لگا رکھی ہیں وہ سب پابندی ہٹا دیجئے۔ہمارے اسٹاف گھر گھر جا کر دو تین مہینے کے اندر سبھی کو ویکسین لگانے کو تیار ہیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہلی میں 65فیصد مریض 45سال سے کم عمر کے ہیں۔کورونا کی سائیکل تبھی ٹوٹے گی ،جب ویکسی نیشن ہوگا۔ اگر ہم کورونا کا ویکسی نیشن تیز کردیں ،تو اس کا ایک حل ہوسکتا ہے۔

 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS