کابل ایئرپورٹ بین الاقوامی فلائٹس کے لیے مکمل طور پر تیار : طالبان

0
image:arab news

کابل (یو این آئی) افغانستان میں حکومت کررہے طالبان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ کابل کا بین الاقوامی ہوائی اڈہ بین الاقوامی پروازوں کے لیے مکمل طور پرتیار ہو چکا ہے اور اب تمام ایئرلائنز اپنی خدمات دوبارہ شروع کر سکتی ہیں۔ ترجمان عبدالقہر بلکی نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔ انہوں نے کہا’’کابل بین الاقوامی ہوائی اڈے کے مسائل کو حل کرلیا گیا ہے اور ہوائی اڈہ ملکی اور بین الاقوامی پروازوں کے لیے مکمل طور پرتیار ہے۔ امارت اسلامیہ افغانستان نے تمام ایئرلائنز کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے اوران تمام ایئرلائنز اورممالک سے پہلے کی طرح پروازیں شروع کرنے کی امید کرتا ہے جہاں سے پہلے کابل کے لیے پروازیں آتی تھیں۔ عبدالقہر بلکی نے کہا کہ وزارت خارجہ نے پروازوں کے آپریشن میں اپنی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ امریکی قیادت والی افواج اور امریکی شہریوں کی واپسی کے دوران 31 اگست کو کابل ایئرپورٹ پرحملہ کئے گئے اوراسے نقصان پہنچایا گیا تھا۔ ہوائی اڈے کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ 15 اگست کو ملک میں طالبان کی حکومت کے آغاز سے طویل عرصے سے معطل ایئر لائنزحالیہ ہفتوں میں دوبارہ شروع ہوئی ہیں۔ اس دوران کئی طیارے قطر،بحرین،متحدہ عرب امارات،ازبکستان،قزاقستان اور پاکستان سے انسانی امداد کے ساتھ یہاں پہنچے ہیں۔ اس کے علاوہ کئی تجارتی پروازیں پاکستان،ایران اور قطر سے بھی آئی ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS