افغانستان انڈر 19ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں

0
https://sports.ndtv.com/

انٹیگا(ایجنسیاں) : ویسٹ انڈیز میں جاری انڈر 19 ورلڈکپ کے کوارٹر فائنل میچ میں افغانستان نے سری لنکا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے۔افغانستان نے پہلی بار اس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں قدم رکھا ہے جہاں اس کا مقابلہ انگلینڈ سے ہوگاجس نے گزشتہ روز جنوبی افریقہ کو شکست دے کر سیمی فائنل میں قدم رکھا تھا۔ سنسنی خیز مقابلے میںفتح کے بعد افغان کھلاڑیوں کا جشن قابل دید تھا۔ کھلاڑیوں نے پہلے اپنے رب کا شکر ادا کرتے ہوئے سجدہ ریز ہوگئے اس کے بعد روایتی انداز میں رقص کیا۔ ٹیم کے تمام کھلاڑی، کوچ ، سپورٹ اسٹاف اس جشن میں شامل رہے۔ فتح کے بعد افغانستان کرکٹ بورڈ نے افغانستان کھلاڑیوں کے رقص کی ویڈیو آفیشل سوشل میڈیا ہینڈل پر ڈال دی۔افغانستان کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کی اور پوری ٹیم 47.1 اوورز میں 134 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ ایسے میں خیال کیا جا رہا تھا کہ سری لنکن ٹیم اس میچ کو آسانی سے اپنے حق میں کر لے گی۔ لیکن افغانستان کی شاندار فیلڈنگ اور باؤلنگ کے سامنے سری لنکا کی ٹیم 46 اوورز میں 130 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔نور احمد کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
سری لنکا نے ٹاس جیت کر افغانستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔افغانستان کی ٹیم بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 48 ویں اوور میں 134 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور سری لنکا کو جیت کیلئے 135 رنز کا ہدف ملا۔عبدالہادی 37اور نور احمد 30 رنز بناکر نمایاں رہے۔
سری لنکا کی جانب سے ونوجا رنپل سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 9.1 اوورز میں 10 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے علاوہ کپتان ڈونتھ نے 36 رنز کے عوض 3 بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں سری لنکا کی ٹیم بھی ابتدا سے مشکلات سے دوچار رہی اور یکے بعد دیگرے وکٹیں گرتی گئیں۔ افغانستان کے گیند بازوں اور فیلڈروں نے شاندار مظاہرہ کیا۔افغانستان کی ٹیم کی شاندار فیلڈنگ کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس کے 4 کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔ سری لنکا کی پوری ٹیم 46 اوورز میں 130 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور یوں 4 رنز سے کامیابی حاصل کرنے کے بعد افغانستان انڈر 19 کی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔افغانستان کی جانب سے بلال سمیع نے 2 وکٹیں حاصل کیںجبکہ نوید زدران، نور احمد، اظہار الحق نوید اور نانجیلیا خروٹے نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS