ڈیزل وپٹرول کی قیمتوں میں لگاتار دوسرے دن بھی اضافہ

0
Image: India Today

نئی دہلی(یو این آئی) : روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کی وجہ سے عالمی سطح پرتیل کی قیمتوں میں اضافہ کے ساتھ ہی ملک میں تیل کی مارکیٹنگ کرنے والی کمپنیوں نے 137 دنوں کے استحکام کے بعد پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کرنا شروع کر دیا ہے ۔ قومی راجدھانی دہلی میں آج دونوں ایندھن کی قیمتوں میں پھر 80-80 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا۔ کمپنیوں نے منگل کو بھی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا۔اس اضافے کے بعد راجدھانی میں پٹرول 80 پیسے بڑھ کر 97.01روپے فی لیٹر اور ڈیزل 80پیسے کے اضافے کے ساتھ 88.27روپے فی لیٹر پر پہنچ گیا ہے ۔ ممبئی میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں 85پیسے بڑھ کر بالترتیب 111.67 روپے اور 95.85 روپے فی لیٹر ہو گئیں۔
یوکرین پر روس کے حملے کی وجہ سے عالمی سطح پر تیل اور قدرتی گیس کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشے پر تیل اور قدرتی گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ بین الاقوامی سطح پر اس کی وجہ سے خام تیل کی قیمتیں 13 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں ہیں۔بین الاقوامی مارکیٹ میں آج منگل کے مقابلے میں اعداد و شمار میں اضافہ ہوا ہے۔ لندن برینٹ کروڈ 1.55 فیصد اضافے کے ساتھ 117.27 ڈالر فی بیرل اور یو ایس کروڈ 1.39فیصد اضافے کے ساتھ 110.79 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کر رہا تھا۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا روزانہ جائزہ لیا جاتا ہے اور اسی کی بنیاد پر نئی قیمتیں روزانہ صبح 6 بجے سے لاگو ہوتی ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS