وزیر آیوش دھرم سنگھ سینی اور ممبر اسمبلی مکیش ورما بھی مستعفی

0
republic world

لکھنؤ (ایس این بی) : اترپردیش اسمبلی انتخابات سے قبل بھارتیہ جنتا پارٹی کی مشکلات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ پارٹی کے وزرا اور ممبران اسمبلی کے استعفے کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔ قدآور لیڈر سوامی پرساد موریہ کے استعفے کے بعد دارا سنگھ چوہان نے کل بدھ کو استعفیٰ دے دیا تھا اور مسلسل تیسرے دن آج جمعرات کو وزیر آیوش دھرم سنگھ سینی نے بھی اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا، جبکہ شکوہ آباد سے بی جے پی کے ممبراسمبلی ڈاکٹر مکیش ورما نے بھی بی جے پی کی ابتدائی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔وزیر آیوش ڈاکٹر دھرم سنگھ سینی نے گورنر آنندی بین پٹیل کو بھیجے گئے اپنے استعفے میں کہا ہے کہ انہوں نے بطور وزیر پوری ایمانداری اور لگن سے اپنی ذمہ داریاں انجام دیں، لیکن جن امیدوں کے ساتھ دلتوں، پسماندہ طبقات، کسانوں، تعلیم یافتہ بیروزگاروں، چھوٹے اور درمیانی تاجروں نے مل کر بی جے پی کو زبردست اکثریت دلائی وہ پوری نہیں ہوئی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ان کی اور ان کے نمائندوں کو مسلسل نظرانداز کئے جانے کے رویہ کے سبب وہ اترپردیش کابینہ سے استعفیٰ دیتے ہیں۔ مسٹر سینی نے بھی دیگر وزراء کی طرح بی جے پی حکومت میں دلتوں، پسماندہ طبقات اور اقلیتوں کو نظرانداز کئے جانے کا الزام عائد کرتے ہوئے استعفیٰ دیا ہے۔ وزیر آیوش دھرم سنگھ سینی گزشتہ 3 دنوں میں یوگی حکومت سے مستعفی ہونے والے تیسرے وزیر ہیں۔ وہ سہارنپور ضلع کی نکڑ سیٹ کی نمائندگی کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ سوامی پرساد موریہ کے گزشتہ منگل کو استعفیٰ دینے کے بعد سے دھرم سنگھ سینی تیسرے وزیر ہیں، جنہوں نے عہدہ سے استعفیٰ دیا ہے۔ اس کے علاوہ بی جے پی کے2ممبران اسمبلی بھی استعفیٰ دینے والوں میں شامل ہیں، جن میں شکوہ آباد حلقہ کے ممبراسمبلی ڈاکٹر مکیش ورما شامل ہیں، جبکہ دھورہرہ لکھیم پور کے ممبراسمبلی بالا پرساد اوستھی کا نام بھی استعفیٰ دینے والوں میں لیا جارہا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS