راج پتھ پر فوجی طاقت اور ثقافت کا مظاہرہ،شاندار ’فلائی پاسٹ‘کا انعقاد

0
Latest News Hedlines

،سخت سیکورٹی کے دوران قومی ترانے کے بعد قومی پرچم لہرایا گیا، 21توپوں کی سلامی دی گئی، کو روناکے سبب تقریب میںدوسری بار غیرملکی شخصیت کی مہمان خصوصی کے طور پرعدم شرکت ،مختلف ریاستوںاورمحکموں کی21 جھانکیاں نکالی گئیں، صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کے سلامی لینے کے ساتھ پریڈکا آغازہوا
نئی دہلی (یو این آئی) : پورے ملک میں بدھ کو 73ویں یوم جمہوریہ کی تقریبات روایتی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئیں۔ یہاں راج پتھ پر مرکزی پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جہاں سیکورٹی، نظم و ضبط، مختلف ثقافتوں کی جھلک اور فوجی بہادری کا انوکھا نظارہ دیکھنے کو ملا۔پریڈ کے آغاز سے پہلے وزیر اعظم نریندر مودی نے نیشنل وار میموریل پر جا کر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس کے بعد حسب روایت قومی ترانے کے بعد قومی پرچم لہرایا گیا اور 21توپوں کی سلامی دی گئی۔ پریڈ کا آغاز صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے سلامی لینے کے ساتھ کیا۔ پریڈ کی کمانڈ سیکنڈ جنریشن کے فوجی افسر، پریڈ کمانڈر، لیفٹیننٹ جنرل وجے کمار مشرا نے کی۔ دہلی ریجن کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل آلوک کاکڑ پریڈ کے سیکنڈ ان کمانڈ تھے ۔بہادری کے اعلیٰ ترین اعزازات کے قابل فخر فاتحین نے ان دو فوجی افسران کی پیروی کی۔ ان میں پرم ویر چکر اور اشوک چکر جیتنے والے شامل ہیں۔ پرم ویر چکر کے فاتح صوبیدار میجر (اعزازی کیپٹن) یوگیندر سنگھ یادو، 18گرینیڈیئرز (ریٹائرڈ) اور صوبیدار (اعزازی لیفٹیننٹ) سنجے کمار، 13جے اے کے رائفلز اور اشوک چکرکے فاتح کرنل ڈی سریرام کمار جیپ پر ڈپٹی پریڈ کمانڈر کے پیچھے چل رہے تھے ۔یوم جمہوریہ پریڈ کی تقریب کا آغاز وزیر اعظم کے قومی جنگی یادگار پر خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ہوا۔ مسٹر مودی نے یہاں ان بہادر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا، جنہوں نے ملک کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ان کے ساتھ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور تینوں افواج کے سربراہان بھی تھے ۔ یہ پہلا موقع ہے جب وزیر اعظم نے یوم جمہوریہ کے موقع پر قومی جنگی یادگار میں امر جوان جیوتی پر پھول چڑھائے ۔ اس سے پہلے وزیر اعظم انڈیا گیٹ پر واقع امر جوان جیوتی پر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتے تھے ۔ یہ روایت 1972سے چلی آ رہی تھی، لیکن اب اس جیوتی کو نیشنل وار میموریل میں واقع امر جوان جیوتی کے ساتھ ضم کردیا گیا ہے ۔
اس مرتبہ یوم جمہوریہ کے موقع پر منعقد ہونے والی مرکزی پریڈ کے دوران کئی تبدیلیاں دیکھی گئیں۔ پہلی بار یوم جمہوریہ کے موقع پر منعقد کیا جانے والا مرکزی پروگرام آدھے گھنٹے بعد صبح 10.30بجے شروع ہوا۔ اب تک یہ پروگرام صبح 10بجے شروع ہوتا تھا۔ اس کے ساتھ ساتھ عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے مسلسل دوسرے سال کسی بھی غیر ملکی مہمان نے بطور مہمان خصوصی پروگرام میں شرکت نہیں کی۔ نیشنل کیڈٹ کور (این سی سی) نے ’شہیدوں کے لیے شَت شَت نمن‘پروگرام کا آغاز کیا۔ ہندوستانی فضائیہ کے 75طیاروں/ہیلی کاپٹروں کے ذریعے گرینڈ فلائی پاسٹ، ملک گیر وندے بھارتم ڈانس مقابلے کے ذریعے منتخب 480رقاصوں کی طرف سے ثقافتی پروگرام کی پیشکش، ’کلا کمبھ‘ایونٹ کے دوران تیار کردہ 10 اسکرول (ہر ایک کی لمبائی 75میٹر) شائقین کی بہتر کارکردگی اور سہولت کیلئے ایل ای ڈی اسکرینیں لگائی گئیں۔ کورونا پروٹوکول کے پیش نظر اس مرتبہ پریڈ میں صرف 6 ہزار لوگوں کو جانے کی اجازت دی گئی۔ گزشتہ سال یہ تعداد 25ہزار تھی۔ اس سال راج پتھ پر صرف ان لوگوں کو پریڈ دیکھنے کی اجازت دی گئی، جنہوں نے کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لی تھیں۔ پروگرام میں 15سال سے کم عمر کے بچوں کی اجازت نہیں تھی۔ سماجی فاصلے کے تمام اصولوں پر عمل کیا گیا اور سب کیلئے ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا۔اس مرتبہ راج پتھ پر منعقدہ مرکزی پروگرام میں سماج کے ان طبقوں کو موقع دینے کا خصوصی انتظام کیا گیا تھا، جنہیں عام طور پر موقع نہیں ملتا۔ مثال کے طور پر آٹو رکشہ ڈرائیوروں، تعمیراتی کارکنوں، صفائی ستھرائی کے کارکنوں اور فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کے کچھ حصوں کو یوم جمہوریہ کی پریڈ میں خصوصی تماشائی کے طور پر مدعو کیا گیا تھا۔
73ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر راج پتھ پر منعقدہ مرکزی تقریب کے اختتام کے بعد مسٹر مودی ناظرین کے پاس پہنچے اور ان کی مبارکباد قبول کی۔ انہوں نے راج پتھ پر 73ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر منعقدہ مرکزی تقریب کے اختتام کے بعد صدر جمہوریہ کو الوداع کیا۔ اس کے بعد انہوں نے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ سے کچھ دیر بات کی اور پھر وہ ہر سال کی طرح ناظرین کی مبارکباد قبول کرنے کیلئے ان کے پاس پہنچے۔ انہوں نے ہاتھ ملایا اور راج پتھ کے دونوں طرف بیٹھے ناظرین کا سلام قبول کیا۔راج پتھ پر منعقدہ مرکزی تقریب میں ثقافتی اور لوک فنون کا ایک انوکھا امتزاج دیکھا گیا۔ اس سال یوم جمہوریہ کی پریڈ کے دوران 12 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام ریاستوں اور 9 وزارتوں/محکموں کی جھانکیاں نکالی گئیں۔ اس مرتبہ کاشی وشوناتھ مندر اتر پردیش کی جھانکی میں سب سے زیادہ توجہ کا مرکز تھا۔ کاشی وشوناتھ راہداری، جس کا حال ہی میں وزیر اعظم نریندر مودی نے افتتاح کیا تھا، نمایاں طور پر دکھایا گیا تھا۔ اتراکھنڈ کے ٹیبلو میں سکھ یاتریوں کا مرکزی مقام ہیم کنڈ صاحب، ٹہری ڈیم، ڈوبرا چنتھی پل اور چار دھاموں میں سے ایک بدری ناتھ دھام کے ساتھ ساتھ اتراکھنڈ کے چار دھام کیلئے حکومت کی جاری اہم اسکیم ’آل ویدر روڈ‘کو دکھایا گیا تھا۔وہیں پنجاب کے ٹیبلو میں ریاست سے وابستہ آزادی کے سپاہیوں کی کہانی کو دکھایا گیا ہے ،جس میں بھگت سنگھ، سکھ دیو، راج گرو کے مجسّموں کے ساتھ لالہ لاجپت رائے پر لاٹھی چارج اور سردار ادھم سنگھ کو جلیانوالہ باغ کے مجرم مائیکل او ڈائر کو قتل کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS