شاہین باغ اور سری نواس پوری میں آج نہیں چلا بلڈوزر

0

پولیس فورس کی عدم دستیابی کی وجہ سے مہم جمعہ تک کیلئے ملتوی
نئی دہلی (ایس این بی) : جنوبی دہلی میونسپل کارپوریشن کے تحت شاہین باغ علاقہ کے قریب کالندی کنج-جامعہ نگر اور سری نواس پوری علاقہ میںغیر قانونی انکروچمنٹ ہٹانے کی مہم کو پولیس فورس کی عدم دستیابی کی وجہ سے جمعہ تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔ ایس ڈی ایم سی نے جمعرات کو یہ جانکاری دی۔
جنوبی دہلی میونسپل کارپوریشن کے مطابق جمعرات کو سڑکوں اور سرکاری اراضی سے عارضی اور مستقل انکروچمنٹ کو ہٹانے کے لیے ایک مہم شروع کی گئی تھی۔ ایس ڈی ایم سی کے سنٹرل زون کے چیئر مین راج پال سنگھ نے بتایاکہ کالندی کنج-جامعہ نگر علاقے میں آج کا آپریشن مناسب پولیس فورس کی عدم دستیابی کی وجہ سے ملتوی کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے ہمیں مطلع کیا کہ آج ہم مناسب پولیس فورس نہیں دے سکیں گے۔ آپریشن کے لیے پولیس فورس کی جتنی تعداد مطوب ہے ہم اس کے مطابق پروگرام کو دوبارہ ترتیب دیں گے۔
اس سے قبل 28 اپریل کو بھی جسولہ اور سریتا وہار میں انکروچمنٹ مہم کو انہی وجوہات کی بنا پر ملتوی کر دیا گیا تھا۔بدھ کو ایس ڈی ایم سی نے تغلق آباد کے قریب کرنی شوٹنگ رینج کے علاقے میں ایک آپریشن شروع کیا تھا اور 13 عارضی دکانوں اور دیگر ڈھانچے کو منہدم کردیا تھا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ بی جے پی کی دہلی یونٹ کے سربراہ آدیش گپتا نے 20 اپریل کو مقامی میئر کو ایک خط لکھا تھا، جس میں ان سے ’روہنگیا، بنگلہ دیشی اور سماج دشمن عناصر‘ کی طرف سے کئے گئے انکروچمنٹ کو ہٹانے کی درخواست کی گئی تھی، جس کے بعد ایس ڈی ایم سی علاقوں میں انکروچمنٹ ہٹانے کا منصوبہ بنایا گیا۔ شمالی دہلی میونسپل کارپوریشن نے جہانگیر پوری علاقہ میں فرقہ وارانہ تشدد کے 4 دن بعد انسداد تجاوزات مہم شروع کی جس پر بڑے پیمانے پر تنقید ہوئی۔ سپریم کورٹ نے این ڈی ایم سی کو اسٹیٹس برقرار رکھنے کا حکم دیا تھا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS