وزیراعلیٰ سورین ای ڈی کے سمن کو منسوخ کرنے کی درخواست لے کر سپریم کورٹ پہنچے

0
scroll.in/latest

نئی دہلی، (یو این آئی) جھارکھنڈ کے وزیر اعلی ہیمنت سورین نے جمعہ کو ‘منی لانڈرنگ’ معاملے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے سمن کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے اسے منسوخ کرنے کی درخواست کی۔

اپنی درخواست میں مسٹر سورین نے ای ڈی پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ یہ سمن ان کی شبیہ، جمہوری طور پر منتخب جھارکھنڈ حکومت اور وہاں کے لوگوں کی ساکھ کو خراب کرنے کی کوشش ہے۔
انہوں نے دیگر درخواستوں کے علاوہ منی لانڈرنگ کیس میں اپنے خلاف جاری سمن کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔
ای ڈی نے منی لانڈرنگ کیس میں پوچھ گچھ کے لیے مسٹر سورین کو دو بار بلایا تھا، لیکن وہ نہیں پہنچے۔
ای ڈی ریاست میں منی لانڈرنگ کے دو بڑے معاملات کی جانچ کر رہی ہے۔ پہلا معاملہ ریاست میں غیر قانونی کانکنی سے متعلق ہے۔ ایجنسی نے گزشتہ سال 17 نومبر کو کانکنی معاملے میں مسٹر سورین سے پوچھ گچھ کی تھی۔

دوسرا معاملہ ریاستی دارالحکومت رانچی میں مبینہ زمین گھوٹالے سے متعلق ہے۔ مبینہ زمین کے معاملے میں انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس (آئی اے ایس) افسر سی رنجن اور دو تاجروں سمیت تیرہ افراد کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے۔

مرکزی تحقیقاتی ایجنسی ای ڈی نے منی لانڈرنگ کی روک تھام کے قانون کے تحت اپنا بیان ریکارڈ کرنے کے لیے مسٹر سورین کو 14 اگست کو رانچی میں واقع اپنے علاقائی دفتر میں بلایا تھا۔ انہوں نے اسے ‘سیاسی طور پر محرک’ کیس قراردیا اورای ڈی کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔ انہوں نے سمن پر سوال اٹھایا تھا اور ایجنسی سے اسے واپس لینے کو کہا تھا۔
تاہم ایجنسی نے مسٹر سورین کے دعووں کو مسترد کر دیا اور دوسرا سمن جاری کرتے ہوئے ایجنسی کے سامنے پیش ہونے کو کہا تھا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS