بنگلہ دیش نے زمبابوے کو 3 رنز سے دی شکست

0

برسبین(یو این آئی): بنگلہ دیش نے زمبابوے کو ٹی۔20 ورلڈ کپ 2022کے ایک سنسنی خیز میچ میں تسکین احمد (19/3) کی شاندار گیند بازی کے بعد نجم الحسین شانتو (71) کی نصف سنچری کی بدولت تین رنز سے شکست دے دی۔سپر 12کے میچ میں بنگلہ دیش نے زمبابوے کو 151رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں زمبابوے کی ٹیم 147رنز ہی بنا سکی۔ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی آدھی ٹیم 69رنز پر پویلین لوٹ گئی لیکن شان ولیمز اور ریان برل نے شاندار جدوجہد کی۔ دونوں کے درمیان چھٹی وکٹ کے لیے نصف سنچری کی شراکت نے ٹیم کو ہدف کے قریب پہنچا دیا تھا، حالانکہ ولیمز 19ویں اوور میں رن آؤٹ ہو گئے اور میچ بنگلہ دیش کے کورٹ میں جاپہنچا۔ زمبابوے کو آخری اوور میں 16رنز درکار تھے ۔ دوسری گیند پر بریڈ ایونز کے آؤٹ ہونے کے بعد رچرڈ ناگروا نے تیسری اور چوتھی گیند پر ایک چوکا اور ایک چھکا لگایا۔ تاہم وہ بھی پانچویں گیند پر اسٹمپ ہو گئے ۔ جب زمبابوے کو ایک گیند پر پانچ رنز درکار تھے تو وکٹ کیپر نورالحسن نے اسٹمپ کرنے کی کوشش میں بلیسنگ مزربانی کی گیند کو وکٹ کے سامنے کیچ کر لیا جس کی وجہ سے اسے نو بال قرار دیا گیا۔ تھرڈ امپائر کی جانب سے فیصلہ سنانے کے بعد وہ کھلاڑی جو ہاتھ ملاکر میدان سے باہر جاچکے تھے واپس آگئے ۔ تاہم اس بار بھی مزربانی گیند کو نہ چھو سکے اور بنگلہ دیش نے تین رنز سے میچ جیت لیا۔اس سے قبل بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرتے ہوئے سست آغاز کیا۔ شانتو نے 32رنز پر ٹیم کی دو وکٹیں گرنے کے بعد کپتان شکیب الحسن کے ساتھ 54رنز کی شراکت داری کی۔ شکیب نے 20گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے 23رنز بنائے جبکہ شانتو نے 55 گیندوں پر سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 71رنز بنائے ۔اپنی ففٹی مکمل کرنے کے بعد شانتو نے 16ویں اوور میں اپنا ہاتھ کھولا اور بریڈ ایونز کی گیند پر ایک چھکا اور دو چوکے لگائے ، حالانکہ وہ اگلے ہی اوور میں آؤٹ ہو گئے ۔ اس کے بعد عفیف نے 19گیندوں میں ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 29رنز بنا کر بنگلہ دیش کو 150/7کے باعزت اسکور تک پہنچا دیا۔ زمبابوے کی جانب سے بلیسنگ مزربانی نے 13رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں، حالانکہ انہوں نے صرف دو اوور پھینکے ۔ اس کے علاوہ رچرڈ ناگروا نے چار اوورز میں 24رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ سکندر رضا اور شان ولیمز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کا آغاز اچھا نہیں تھا اور اس نے 36رنز پر چار وکٹیں گنوا دیں۔ تسکین احمد نے ویزلے مادھویرے اور کریگ ارون کو آؤٹ کیا جبکہ مستفیض الرحمان نے ملٹن شمبا اور فارم میں چل رہے سکندر رضا کو پویلین بھیجا۔ وکٹ کیپر ریگیس چکابوا نے 19گیندوں پر 15رنز بنانے کے بعد کچھ وقت وکٹ پر گزارا لیکن تسکین نے انہیں 12ویں اوور کی میڈن میں بولڈ کر دیا اور زمبابوے پر دوبارہ دباؤ آ گیا۔ولیمز اور ریان برل نے پھر چھٹی وکٹ کے لیے 63رنز بنا کر زمبابوے کو فتح کے قریب پہنچا دیا، حالانکہ شکیب نے 19ویں اوور میں صرف 10رنز دے کر ولیمز کی وکٹ حاصل کی۔ آخری اوور میں ناگروا نے دو گیندوں میں 10 رنز جوڑے لیکن زمبابوے ہدف سے چار رنز کم رہ گیا۔اس جیت کے ساتھ ہی بنگلہ دیش گروپ ٹو پوائنٹس ٹیبل میں دوسرے نمبر پر چلا گیا ہے جبکہ زمبابوے چوتھی پوزیشن پر ہے ۔ زمبابوے کا اگلا مقابلہ بدھ کو نیدرلینڈ سے ہوگا جبکہ اسی دن بنگلہ دیش کا مقابلہ ہندوستان سے ہوگا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS