راہل گاندھی کی ماتا کھیر بھوانی مندر اور درگاہ حضرت بل میں حاضری

0
Image: Rediffmail

سری نگر: (یو این آئی) سینیئر کانگریس لیڈر اور رکن پارلیمان راہل گاندھی نے منگل کو وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں واقع ماتا کھیر بھوانی مندر اور سری نگر میں شہرہ آفاق جھیل ڈل کے کناروں پر واقع آثار شریف درگاہ حضرت بل میں حاضری دی۔بتا دیں کہ راہل گاندھی اپنے دو روزہ دورہ وادی کشمیر کے لئے پیر کی شام سری نگر پہنچے جہاں انہوں نے کئی پروگراموں کے علاوہ جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر غلام احمد میر کے بیٹے کی شادی کی تقریب میں شرکت کی۔ راہل گاندھی نے شادی کی تقریب میں موجود جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ ، سابق مرکزی وزیر سیف الدین سوز, سی پی آئی (ایم) کے سینیئر لیڈر محمد یوسف تاریگامی و دیگر سیاسی لیڈروں سے بھی ملاقات کی۔ذرائع کے مطابق گاندھی خاندان کے چشم و چراغ راہل گاندھی نے منگل کی صبح ضلع گاندربل میں واقع ماتا کھیر بھوانی مندر میں حاضری دی۔ انہوں نے بتایا کہ موصوف نے مندر میں کچھ وقت گذارا اور ان کے ہمراہ پارٹی کے دیگر رہنما بھی تھے۔حکام نے احتیاطی طور پر مندر کے گرد و پیش سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ضلع گاندربل کے تولہ مولہ گاؤں میں واقع ماتا کھیر بھوانی مندر میں سالانہ میلہ کھیر بھوانی کے موقع پر ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مند جمع ہوتے ہیں۔
کھیر بھوانی مندر می حاضری دینے کے بعد راہل گاندھی نے آثار شریف درگاہ حضرت بل میں حاضری دی۔ذرائع کے مطابق درگاہ حضرت بل انتظامیہ نے موصوف کا استقبال کیا ان کے ہمراہ پارٹی کے سینئر لیڈر غلام نبی آزاد بھی تھے۔قابل ذکر ہے کہ پانچ اگست 2019 کے مرکزی حکومت کے فیصلوں کے بعد یہ ان کا پہلا دورہ وادی کشمیر ہے۔ اگرچہ جموں و کشمیر کے خصوصی درجے کے خاتمے کے بعد صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے وہ یہاں حزب اختلاف کے دیگر لیڈروں کے ہمرا ہ آئے تھے تاہم انہیں سری نگر ہوائی اڈاے سے واپس دلی بھیج دیا گیا تھا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS