عاطف رشید قومی اقلیتی کمیشن کے وائس چیئر مین مقرر

0

وزیر اعظم دفتر کی منظوری کے بعدمرکزی وزارت اقلیتی امور نے عاطف رشید کو قومی اقلیتی کمیشن کا وائس چیئر مین مقرر کیا ہے ۔وہ کمیشن چیئر مین کا بھی اضافی چارج سنبھالیں گے۔قابل ذکر ہے کہ قومی اقلیتی کمیشن کا چیئر مین نہ ہونے کے سبب عاطف رشیدہی ملک کی سبھی اقلیتوں ،مسلم، سکھ ، جین ،بودھ ،عیسائی اور پارسی کی نمائندگی کریں گے۔ دلچسپ یہ ہے کہ  اس وقت بطور چیئر مین اضافی کام دیکھ رہے  وائس چیئر مین منجیت سنگھ رائے کی مدت کار پوری ہونے کے سبب عاطف رشید ہی اکیلے ممبر رہ گئے ہیں ۔بتایا جاتا ہے کہ مرکزی وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی کی سفارش کے بعد وزارت اقلیتی امور نے پی ایم او دفتر کی منظوری کے لئے ان کا نام بھیجا تھا۔ دلچسپ یہ ہے کہ وائس چیئر مین منجیت سنگھ رائے کی مدت کار پوری ہوجانے کے ساتھ ہی قومی اقلیتی کمیشن میں فی الحال محض ایک ہی رکن کا م کر رہے ہیں۔چونکہ چیئر مین کا عہدہ ابھی خالی پڑا ہ ہے۔کمیشن کے چیئرمین  سید غور الحسن رضوی کی مدت رواں سال مئی کے آخری ہفتہ میں ختم ہوگئی تھی۔ حال ہی میں وائس چیئر مین منجیت سنگھ رائے کی مدت کار ختم ہوچکی ہے ۔فی الحال قومی اقلیتی کمیشن میں5 اراکین کی سیٹیں خالی پڑی ہیں ،اس لئے ابھی تک ملک بھر کی تمام ریاستوں کی عاطف رشید کے ذریعہ شکایات دیکھی جا رہی ہیں۔ واضح رہے کہ کمیشن کے وائس چیئر مین جارج کورین کے مارچ میں مستعفی ہونے کے بعد منجیت سنگھ رائے کو رواں سال اپریل میں وائس چیئر مین نامزد کیا گیا تھا،جن کی مدت کار بھی ختم ہوچکی ہے۔ کورونا وبا کے دوران بودھ ،پارسی ،جین ،اورعیسائی اقلیتی طبقوں کے موجودہ نمائندوں کی مدت بھی مئی کے آواخر اور جون کے اوائل کی درمیانی مدت میں ختم ہوگئی تھی۔قابل ذکر ہے کہ قومی اقلیتی کمیشن میں چیئر مین اور وائس چیئر مین سمیت کل 7ممبر ہوتے ہیں۔ فی الحال کمیشن میں واحد رکن وائس چیئر مین عاطف رشید ہیں اور ابھی چیئر مین کے علاوہ 5 ممبران کی تقرری ہونی ہے۔ مرکزی وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی کا کہنا ہے کہ چیئر مین اور 5 خالی اراکین کی جگہیں بھرنے کا کام چل رہا ہے ۔این سی ایم چیف اور دیگر اراکین کیلئے وزارت اقلیتی امور کی سفارشات پر وزیر اعظم دفتر کی منظوری درکار ہوتی ہے اور اس سلسلے میں پیش رفت جاری ہے۔قابل ذکر ہے کہ اس عمل میں لاک ڈائون کی وجہ سے بھی تاخیر ہوئی ہے۔ اپنی تقرری کے بعد عاطف رشید نے مرکزی وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی سے ان کی سرکاری رہائش گاہ پر ملاقات کی اور وزیر موصوف کو پھولوں کا گلدستہ پیش کرکے شکریہ ادا کیا۔ اس دوران مختار عباس نقوی نے امید ظاہر کی کہ عاطف رشید اپنے فرائض کو بہتر ڈھنگ سے انجام دیتے ہوئے حکومت اور وزارت کے منصوبوں اور اسکیموں کے زمینی سطح پر اقلیتوں تک پہنچانے کی ذمہ داری نبھائیں گے۔   اس موقع پر عاطف رشید نے کہا کہ قومی اقلیتی کمیشن میں شکایتوں کے نظام کو مزید مضبوط بنایاجا رہا ہے اور آن لائن سماعت کیلئے کیمرے و دیگر آلات خریدے جا رہے ہیںتاکہ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ بھی سماعتیں ہوسکیں۔انہوں نے بتایا کہ سرکاری یا غیر سرکاری طور پر ملک کی 6اقلیتوں کے ساتھ امتیازات اور مظالم پر مبنی شکایتوں کو کمیشن سنتا ہے اور اس کے حل کیلئے متعلقہ ریاستوں کے محکموں کوہدایت جاری کرتا ہے۔عاطف رشید نے بتایا کہ کمیشن میں جو بھی شکایتیں آرہی ہیں ،ان کا نپٹارہ کیا جا رہا ہے۔اس دوران عاطف رشید نے مختار عباس نقوی اور وزیر اعظم نریندر مودی کا بھی خاص طور سے شکریہ ادا کیا ۔
 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS