مائیکل ہولڈنگ نے انگلش بورڈ کو بنایا تنقید کا نشانہ

0

جمیکا (ایجنسیاں) ویسٹ انڈین لیجنڈ مائیکل ہولڈنگ نے بھی انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کو دورہ پاکستان منسوخ کرنے پر آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے گھمنڈی قرار دے دیا ہے۔ انگلش کرکٹ بورڈ کو اس ماہ پاکستان کا دورہ کرنا تھا مگر کھلاڑیوں کی ذہنی صحت کا بہانہ بناکر اس نے دورے سے انکار کردیا۔ ای سی بی کو اس فیصلے پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، منگل کو ایک ایوارڈ تقریب کے دوران گفتگو میں مائیکل ہولڈنگ نے کہا کہ انگلینڈ کو صرف 4 روز پاکستان میں گزارنا تھے مگر اس نے دورہ منسوخ کردیا۔ مائیکل ہولڈنگ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے مشکل وقت میں انگلینڈ کا دورہ کیا، ای سی بی کو بچانے کیلئے کرکٹ کھیلی، ای سی بی کے پاس موقع تھا کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے احسان کا قرض اتارتا، مگر اس نے ایسا نہیں کیا۔ان کا کہنا تھا کہ انگلش بورڈ نے ایک بیان دیا اور بیان کے پیچھے چھپ گئے، کوئی سامنے آکر بات نہیں کررہا کیوں کہ انہیں بھی معلوم ہے کہ یہ غلط ہوا ہے۔ ویسٹ انڈین لیجنڈ نے کہا کہ ای سی بی کا بیان بھی ان کی سمجھ سے باہر ہے، اس میں کوئی وزن نہیں، سب بے کار کی باتیں کی گئی ہیں۔ انہوں نے ای سی بی کے رویے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ مغربی گھمنڈ کی نشانی ہے کہ میں وہ کروں گا جو میری مرضی ہوگی، دوسرے کیا سوچتے اس کی پروا نہیں۔واضح رہے کہ 20 ستمبر کو انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستان کا دورہ ختم کرنے کا باضابطہ اعلان کیا گیا تھا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS