زوم ایپ ، بیشتر اسکولس کی جانب سے آن لائن کلاسس کا آغاز

0

   حیدرآباد:تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد کے بیشتر اسکولس کی جانب سے آن لائن کلاسس کا آغاز کردیاگیا۔ان کلاس کے ذریعہ اسکولس کے ذمہ دار چاہتے ہیں کہ لاک ڈاون کی وجہ سے بند اسکولس کی وجہ سے تعلیم کے سلسلہ میں فکر مند طلبہ کیلئے تعیلم  کا انتظام کیاجائے۔اس کے لئے ٹکنالوجی کا استعمال کیاجارہا ہے۔اسکولس نصاب کی بروقت تکمیل کے لئے ابھی سے ان آن لائن کلاسس کی شروعات کرچکے ہیں تاہم سرکاری مدارس میں اس طرح کا ہنوز کوئی انتظام نہیں کیاگیا ہے۔ان آن لائن کلاسس کے نئے طریقہ کار کے آغاز کے بعد بچوں کے مکانات کلاس رومس میں تبدیل ہوگئے ہیں اور کتابوں کی جگہ ان کے سل فونس یا لیپ ٹاپس نے لے لی ہے۔والدین کے مطابق یہ کلاسس اس لاک ڈاون کے بحران کے دوران کافی فائدہ مند ثابت ہورہی ہیں۔تقریبا چھ ہفتوں سے اساتذہ اپنے گھروں یا اسکولس سے ہی آن لائن کلاسس کا اہتمام کرر ہے ہیں۔اس میں زوم ایپ کافی مددگار ثابت ہورہا ہے جس کے ذریعہ تقریبا دو گھنٹے روزانہ تدریس کا کام انجام دیاجارہا ہے۔اس طرح روایتی تعلیم سے ہٹ کر کئی اسکولس اور کالجس آن لائن تعلیم کی سمت منتقل ہوگئے ہیں۔طلبہ کو بھی یہ آن لائن کلاسس کافی پسند آرہی ہیں کیونکہ وہ اسکولس جانے کے کسی بھی جوکھم یا خطرہ مول لئے بغیر تدریس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی تعلیمی سرگرمیوں کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ان کلاسس کو ورچول کلاس رومس کا نام دیاگیا ہے۔اس طرح کی اسمارٹ یا ورچول کلاسس کے ذریعہ اساتذہ نئے تجربہ سے واقف ہورہے ہیں۔ان کلاسس کے لئے عصری آلات کی خریداری کا کام کیاگیا ہے جو اعلی معیار کے ہیں تاکہ طلبہ کو کسی بھی قسم کی شکایت کا موقع نہ ملے۔ان آلات کو اساتذہ کے مکانات میں نصب کیاجارہا ہے یا پھر اسکولس میں نصب کیاجارہا ہے تاکہ طلبہ کو تدریس کی سہولت گھر بیٹھے فراہم کی جاسکے۔پری پرائمری ٹیچرس کھلونے اور دیگر اشیا کا استعمال کررہی ہیں تاکہ طلبہ کو ورچول کلاس رومس میں مصروف رکھاجاسکے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS