دنیا میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد تقریبا 90لاکھ , ہلاک شدگان 4.67 لاکھ سے تجاوز

    0

    نئی دہلی: دنیا بھر میں کورونا وائرس (کووڈ 19)  کے متاثرین کی تعداد روز بروز بڑھتی ہی جارہی ہے جس سے متاثرہ افراد کی تعداد90 لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہے، جبکہ اس بیماری کا پھیلائو بدستورجاری ہے اورایک دو دن میں یہ تعداد ایک کروڑ ہو جائے گی۔ 
    امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سائنس اورانجینئرنگ سنٹر (سی ایس ایس ای) کے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس اب تک 89،28،652 افراد کو متاثر کر چکا ہے اور دنیا بھر میں 4،67،671 افراد کی اس وبا کی زد میں آنے سے موت ہوچکی ہے۔ 
    کووڈ ۔19 کے کیسز کے معاملہ میں امریکہ دنیا بھر میں پہلے ، برازیل دوسرے اور روس تیسرے نمبر پر ہے۔ دوسری طرف اس وبا کی وجہ سے ہلاک شدگان کی تعداد کے معاملہ میں امریکہ پہلے ، برازیل دوسرے اور برطانیہ تیسرے نمبر پر ہے۔
     ہندوستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس  کے 14،821 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور اب کورونا وائرس متاثرین کی مجموعی  تعداد 4،25،282 ہوگئی ہے۔ اسی عرصہ میں 445 افراد کی ہلاکت کے ساتھ ہی مرنے والوں کی مجموعی تعداد 13،699 ہوگئی ہے۔ اس وقت ہندوستان میں کورونا وائرس کے 1،74،387 فعال کیسز موجود ہیں اوراب تک 2،37،196 افراد اس وبا سے شفایاب ہوچکے ہیں۔ کورونا وائرس  سے متاثر ہونے کے معاملہ میں ہنودستان دنیا کے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک کی فہرست میں چوتھے نمبر پر ہے۔ 
    دنیا میں سپر پاور سمجھے جانے والے امریکہ میں اب تک 22،79،875 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں اور 1،19،967 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ برازیل میں کورونا  وائرس  سے ہلاکتوں کی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے اور اب تک 10،83،341 افراد اس وبا کا شکار ہوچکے ہیں جبکہ 50،591 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
     روس میں بھی کووڈ 19 پھیلتا ہی جارہا ہے اور اب تک 5،83،879 افراد اس  وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 8101 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ اس وائرس کی وجہ سے برطانیہ میں صورتحال مزید خراب ہوتی جارہی ہے۔ اب تک 3،05،803 افراد اس وبا سے متاثر اور42،717 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
     اسپین میں اب تک 2،46،272 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ 28،323 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ یوروپی ملک اٹلی میں اس وبا نے زبردست تباہی مچائی ہے جہاں اب تک 2،38،499 افراد کووڈ ۔19 سے متاثر ہوئے ہیں اور 34،634 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ 
    کورونا وائرس کے مرکز چین میں اب تک 84،572 افراد وبا کا شکار ہوچکے ہیں اور 4639 افراد فوت ہوئے ہیں۔ یوروپی ملک فرانس اور جرمنی میں اس جان لیوا وائرس کی وجہ سے صورتحال بہت خراب ہے۔ فرانس میں اب تک 1،97،008 افراد کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں اور 29،643 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ جرمنی میں 1،91،272 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 8895 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ 
    اس کے علاوہ پیرو میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا  وائرس کے کوئی کیس یا موت کی کوئی اطلاع نہیں۔ اب تک 2،51،338 افراد اس وبا سے متاثراور7861 افراد فوت ہوچکے ہیں۔ ترکی میں اب تک 1،87،685 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں اور 4950 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ خلیجی ملک ایران میں 2،04،952 افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ اس وبا کی وجہ سے 9623 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
     میکسیکو میں 21،825 افراد، بلجیم میں 9696، کینیڈا میں 8482، نیدرلینڈ میں 6109، سویڈن میں 5053، ایکواڈور میں 4223 ، سوئٹزرلینڈ میں 1956، آئرلینڈ میں 1715 اور پرتگال میں 1530 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ 
    اس کے علاوہ پڑوسی ملک پاکستان میں 1،76،617 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 3501 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
     

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS