چہل نے 2013 آئی پی ایل کا خوفناک واقعہ شیئر کیا

0

ممبئی (یو این آئی) : ہندوستانی لیگ اسپنر یزویندر چہل نے 2013 آئی پی ایل کے ایک خوفناک واقعے کا انکشاف کیا ہے ، جب ایک کھلاڑی نے نشے میں انہیں 15ویں منزل کی بالکونی سے لٹکا دیاتھا۔ روی چندرن اشون اور کرون نائر کے ساتھ بات چیت میں، چہل نے اس خوفناک واقعے کو یاد کرتے ہوئے کہا، “یہ 2013 کی بات ہے ، جب میں ممبئی انڈینز کے ساتھ تھا۔ بنگلورو میں ہمارا ایک میچ تھا اور اس کے بعد ایک میٹنگ ہوئی تھی۔ تب ایک کھلاڑی تھا جو بہت نشے میں تھا۔ میں اس کا نام نہیں لوں گا، وہ بہت نشے میں تھا۔ اس نے مجھے ایک طرف بلایا اور وہ مجھے باہر لے گیا اور اس نے مجھے بالکونی سے لٹکا دیا۔ راجستھان رائلز کی جانب سے جمعرات کو پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں چہل نے کہا ’’میں نے اپنے بازوؤں سے اس کھلاڑی کی گردن پکڑرہاتھا۔ اگرمیں نے اپنی گرفت کھودی ہوتی تو معلوم نہیں کیاہوتا۔ ہم 15ویں منزل پر تھے ۔ اچانک وہاں موجود بہت سے لوگ ہمارے پاس آئے اور حالات کو سنبھالا۔ میں بے ہوش ہو گیاتھا اور انہوں نے مجھے پانی دیا۔ تب مجھے احساس ہوا کہ جب ہم کہیں بھی جائیں تو ہمیں کتنا ذمہ دار ہونا چاہیے ۔ یہ ایک ایسا واقعہ تھا جہاں میں بال بال بچ گیا۔ اگر وہاں کوئی چھوٹی سی غلطی ہوجاتی تو میں نیچے گرجاتا‘‘۔
2022 آئی پی ایل سیزن میں راجستھان رائلز کے لیے کھیلنے والے چہل نے 2014 میں رائل چیلنجرز بنگلور میں شمولیت سے قبل 2011 سے 2013 تک پانچ بارکی آئی پی ایل چیمپئن ممبئی انڈینز کی نمائندگی کی تھی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS