کشمیر میں ’ویک اینڈ‘لاک ڈاؤن سے معمولات زندگی معطل

0

سری نگر: (یو این آئی) وادی کشمیر میں ہفتے کے روز’ویک اینڈ‘لاک ڈاؤن نافذ رہا جس سے معمولات زندگی ایک بار پھر درہم و برہم ہوکر رہ گئے۔
بتادیں کہ کورونا کی دوسری لہر میں تیزی کے ساتھ ہی جموں و کشمیر میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا تھا بعد ازاں لہر میں کمی آنے کے ساتھ ہی لاک ڈاؤن میں بھی نرمی کی گئی تاہم ’ویک اینڈ‘ لاک ڈاؤن کا نفاذ مسلسل جاری ہے۔
یو این آئی کے ایک نامہ نگار نے ہفتے کے روز سری نگر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد بتایا کہ سری نگر میں ایک بار پھر بازار بند ہیں تاہم سڑکوں پر نجی گاڑیوں کی نقل و حمل جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ بازاروں میں سناٹا چھایا ہوا تھا اور کئی مقامات پر سڑکوں پر خار دار تار کو دوبارہ بچھا دیا گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ تاہم سڑکوں پر نجی ٹرانسپورٹ چل رہا تھا اور پبلک ٹرانسپورٹ کی بھی اکا دکا گاڑیاں چلتے ہوئے نظر آئیں۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق وادی کے دیگر اضلاع میں بھی ہفتے کو دوبارہ لاک ڈاؤن جاری رہا جس سے معمولات زندگی معطل ہو کر رہ گئے۔
ضلع صدر مقامات کے بازار کلی طور پر بند رہے تاہم سڑکوں پر نجی ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل جاری رہی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS