اردو کونسل نئے جوش و جذبے کے ساتھ مالیگاؤں میں چوبیسواں کل ہند اردو کتاب میلہ منعقد کرے گی: شیخ عقیل احمد

0

نئی دہلی،  (یو این آئی) اردو کے تئیں مالیگاؤں کے شائقین زبان و ادب کی محبت اور انجمن محبانِ اردو کتب مالیگاؤں کی درخواست کو مدِنظر رکھتے ہوئے قومی اردو کونسل نے اپنا چوبیسواں اردو کتاب میلہ مالیگاؤں میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔یہ اطلاع قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے ڈائرکٹر پروفیسر شیخ عقیل احمد نے دی ہے۔
آج یہاں جاری اردو کونسل کی ریلیز کے مطابق قومی کونسل کے ڈائرکٹر پروفیسر شیخ عقیل احمد نے بتایا کہ اس بار کتاب میلہ 9 دن کے بجائے 10 دن (3 تا 12 دسمبر 2021) تک جاری رہے گا۔ انھوں نے کہا کہ کووڈ 19 سے پورا ملک متاثر ہوا تھا جس کی وجہ سے گذشتہ سال کتاب میلے کا انعقاد ممکن نہ ہوسکا، مگر اب حالات قدرے سازگار ہورہے ہیں اور بیشتر سرگرمیاں معمول پر لوٹ رہی ہیں، اس لیے کونسل اردو زبان و ادب کے فروغ اور بالخصوص نئی نسل کو کتابوں سے جوڑنے کی مہم کے تحت مالیگاؤں میں کتاب میلہ منعقد کرنے جارہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس کتاب میلے میں حکومت کی جانب سے جاری ہونے والی کووڈ 19 سے متعلق سبھی احتیاطی تدابیر اور ہدایات پر عمل کیا جائے گا۔
میلے کے مقام کے تعین اور دیگر انتظامی امور کے تعلق سے صلاح و مشورہ کی غرض سے میلے کے انچارج اجمل سعید (اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر) نے مالیگاؤں کا دورہ کیا اور وہاں کے اعلیٰ سرکاری افسران اور مقامی تنظیموں کے سربراہان سے ملاقات کی جس کی رپورٹ انھوں نے ڈائریکٹر قومی اردو کونسل کو سونپی۔ مالیگاؤں کے ایڈیشنل ایس پی، ایس ڈی ایم اور معزز شخصیات کو میلے کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ سبھی افسران اور ذمہ داران حکومت نے قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان نئی دہلی کو مبارک باد دیتے ہوئے ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
واضح رہے کہ2014 میں مالیگاؤں ریجنل اردو کتاب میلے کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے قومی اردو کونسل نے مالیگاؤں سوسائٹی آف ایجوکیشن کے تعاون سے چوبیسواں کل ہند اردو کتاب میلہ ایٹی ٹی ہائی اسکول اور مراٹھا ہائی اسکول مالیگاؤں میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میلے کے دوران کتابوں کے اسٹال مراٹھا ہائی اسکول میں لگیں گے جبکہ ثقافتی پروگرام کا انعقاد اے ٹی ٹی ہائی اسکول میں کیا جائے گا۔ کونسل کے ڈائریکٹر پروفیسر شیخ عقیل احمد کے مطابق اس کتاب میلے کا بنیادی تھیم نوجوان نسل اور ادب اطفال ہے اور اس میں ادب اطفال پر مشتمل کتابوں کی نمائش پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انھوں نے مالیگاؤں ایجوکیشن سوسائٹی سمیت اردو کی سبھی فعال اور سرگرم شخصیات اور مقامی تنظیموں سے جڑے ہوئے افراد سے کتاب میلے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی اور امید ظاہر کی ہے کہ گذشتہ میلے کی طرح اس بار بھی مالیگاؤں کے شیدائیان اردو زبان و ادب کتاب میلے کو کامیابی سے ہم کنار کرانے میں غیر معمولی دلچسپی کا مظاہرہ کریں گے۔

آپ کے تاثرات
+1
0
+1
0
+1
0
+1
0
+1
0
+1
0
+1
0

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here