200کروڑ سے زیادہ کی نقدی رکھنے والا کاروباری پیوش گرفتار

0

کانپور (ایجنسیاں) : کانپور میں تری مورتی پرائیویٹ لمیٹڈ کے مالک پیوش جین کو اتوار کی رات گرفتار کرلیاگیا۔ یہ کارروائی ڈی جی جی آئی کی ٹیم کی جانب سے کانپور اور قنوج سے 200 کروڑ روپے سے زیادہ کی نقدی اور سونا چاندی ملنے کے بعد کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پیوش جین کو قنوج سے گرفتار کرلیاگیاہے۔ پیوش جین کے دونوں بیٹے بھی ٹیم کی حراست میں ہیں۔ تاہم ابھی عطر کاروباری کے گھر پر چھاپے ماری کی کارروائی جاری ہے۔ذرائع کے مطابق پیوش جین کے گھر میں ابھی اور بھی رقم اور سونا چاندی چھپا ہوسکتا ہے۔ غورطلب ہے کہ انکم ٹیکس محکمہ نے جمعہ کو کاروباری پیوش جین کی رہائش گاہ پر چھاپہ ماری میں کروڑوں روپے کی نقدی برآمد کی تھی۔ اس کے بعد ٹیم نے پیوش جین کے قنوج کے ٹھکانوں پر بھی چھاپے ماری شروع کی تو گھروں سے نوٹوں کے بنڈل نکلنے شروع ہوگئے۔ اس کے بعد ڈی جی جی آئی کی ٹیم کانپور واقع مکان پر پہنچی اور وہاں بھی سرچ آپریشن شروع کیا تھا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS