دہلی : پولیس انکاؤنٹر میں دو بدمعاش ہلاک

0
Image:amarujala

نئی دہلی : (یو این آئی) شمال مشرقی دہلی کے کھجوری خاص علاقے میں پولیس کے ساتھ مقابلے میں دو بدمعاش ہلاک اور دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ( شمال مشرقی دہلی) سنجے کمار سین نے یواین آئی کو بتایا کہ یہ واقعہ بدھ کی رات دیر گئے کھجوری خاص علاقے کی شری رام کالونی میں پیش آیا۔ واقعہ میں جوابی کارروائی کے دوران ایک گھر میں چھپے ہوئے عامرخان اور راجمان گولی لگنے سے ہلاک ہو گئے جب کہ کانسٹیبل سچن کھوکر اور کالک تومر زخمی ہوگئے۔ شرپسندوں کے ہاتھوں زخمی ہونے والے دونوں پولیس اہلکار یہاں کے اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران شرپسندوں کے ٹھکانے سے دو خودکار پستول،چار میگزین،بڑی تعداد میں کارتوس اور تقریبا ایک لاکھ روپے نقد برآمد ہوئے۔

سین نے بتایا کہ بیگم پور کے ایس ایچ او کو اطلاع ملی تھی کہ کچھ شرپسند شری رام کالونی میں ایک مکان کی دوسری منزل پر رہ رہے ہیں اور ان کے پاس بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود ہے۔ اس بنیاد پر بیگم پور اور کھجوری خاص تھانے کی مشترکہ ٹیم نے آدھی رات کو گھر پر چھاپہ مارا۔ پولیس نے شرپسندوں کو ہتھیار ڈالنے کو کہا، لیکن انہوں نے پولیس پارٹی پر یہ اعلان کرتے ہوئے فائرنگ کرنے کی دھمکی دی کہ ان کے پاس بھاری مقدار میں اسلحہ ہے۔ شرپسندوں نے خود کو گولی مار کر خودکشی کرنے اور آس پاس کے لوگوں کو قتل کرنے کی دھمکی بھی دی۔ دیر تک دروازہ نہ کھولنے کے بعد پولیس کی جانب سے ہوائی فائرنگ کی گئی۔ اس کے بعد شرپسندوں نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں بدمعاش شدید زخمی ہو گئے۔ عامر خان اور راجمان کواسپتال لایا گیا۔ انکاؤنٹر میں دو پولیس اہلکار سچن کھوکر اور کالک تومر زخمی ہوئے جن کا علاج کیا جا رہا ہے۔ عامر اترپردیش کے لونی علاقے کے غازی آباد کا رہائشی ہے جب کہ راجمان دہلی کے وزیر پور صنعتی علاقے کا رہائشی ہے۔ دونوں شرپسندوں کے خلاف مختلف تھانوں میں کئی مجرمانہ مقدمات درج ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS