ٹوکیو اولمپکس : میری کوم اور منپریت نے کی ہندوستانی دستے کی قیادت

0

ٹوکیو(ایجنسیاں) :رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ 32ویں اولمپک کھیلوں کا جمعہ کو آغاز ہوگیا۔ ایک سال کی تاخیر سے شروع ہونے والے کھیلوں کے سب سے بڑے میلہ کی افتتاحی تقریب میں صرف ایک ہزار کھلاڑیوں اور اہلکار موجود تھے۔ جاپان کے شہنشاہ ناروہیتو بھی اس تقریب میں موجود تھے جبکہ امن کا نوبل انعام جیتنے والے بنگلہ دیش کے محمد یونس کو خصوصی اولمپک انعام سے نوازا گیا۔
کھلاڑیوں کے مارچ پاسٹ کا آغاز 1896کے پہلے اولمپک کھیلوں کے میزبان یونان کے دستہ سے ہوا۔ہندوستانی دستہ 21نمبر پر مارچ پاسٹ کے لیے آیا۔ہندوستانی ٹیم کی قیادت ہاکی ٹیم کے کپتان منپریت سنگھ اور لیجنڈ خاتون باکسر مری کوم نے کی۔ وہ دونوں ہاتھوں میں ترنگا لے کر آگے جارہے تھے ، جبکہ دوسرے ممبران ہاتھوں میں ترنگا لے کر پیچھے تھے۔ ہندوستان کے مرکزی وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر بھی اس موقع کے گواہ بنے۔
جمعہ کے روز میجر دھیان چند نیشنل اسٹیڈیم سے ہونے والے 32 ویں اولمپک کھیلوں کے افتتاح کا انوراگ ٹھاکر اور وزیر مملکت برائے کھیل نسیت پرمانک نے لطف اٹھایا۔ ٹوکیو میں شریک ہندوستانی دستے کی خوشی کے لئے ان کے ساتھ سابقہ کھلاڑیوں اور مختلف شعبوں کی نامور شخصیات بھی تھیں۔
افتتاحی تقریب میں 22 کھلاڑیوں اور 6 عہدیداروں نے حصہ لیا۔ افتتاحی تقریب میں ہاکی کے 1 کھلاڑی ، باکسنگ کے 8 ، ٹیبل ٹینس کے 4 ، روئنگ کے 2 ، جمناسٹکس کے 1 ، تیراکی کے 1 ، سیلنگ کے 4 ، فینس سے 1 کھلاڑی شریک تھے جبکہ 6 عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔قابل ذکر ہے کہ اس بار ہندوستان نے اپنی سب سے بڑی ٹیم بھیجی ہے جس میں 127 کھلاڑی ہیں۔ اس بار خواتین کھلاڑیوں کی نمائندگی بھی سب سے زیادہ ہے ، جن کی تعداد 56 ہے۔
اس بار اولمپکس میں تقریباً 11238 کھلاڑی 33کھیلوں میں 339طلائی تمغہ کے لیے مقابلہ کریں گے۔بین الاقوامی اولمپکس کمیٹی کے اندازوں کے مطابق اس افتتاحی تقریب کو دنیا بھر میں تقریباً 350ملین افراد نے دیکھا۔
افتتاحی تقریب کی شروعات میں کورونا سے جان گنوانے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ امریکی صدر جو بائیڈن کی اہلیہ جل بائیڈن بھی اولمپک اسٹیڈیم پہنچ گئیں ہیں۔ اس اولمپکس میں امریکہ کے 613 ایتھلیٹ حصہ لے رہے ہیں۔
کورونا کے سائے میں ہونے والے اولمپکس گیمز کی مسلسل مخالفت ہورہی ہے۔ جاپان کے باشندے آغاز سے قبل ہی گیمز کو منسوخ کرنے کے لیے سڑک پر اتر کر احتجاج کررہے ہیں، جمعہ کے روز افتتاحی تقریب کے دوران بھی ٹوکیو کے باشندے کورونا دور میں ہونے والے اس اولمپکس کی مخالفت کر رہے ہیں۔ تقریب سے قبل مظاہرین مرکزی اسٹیڈیم کے باہر جمع ہوگئے اور اولمپکس کے خلاف نعرے بازی کی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS