’سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس اور اب سب کاپریاس

0
PTI

نئی دہلی (یو این آئی) : وزیراعظم نریندر مودی نے اتوار کے روز’چھوٹا کسان بنے دیش کی شان‘کا نیا نعرہ دیا۔ نریندر مودی نے لال قلعہ سے ملک کے 75ویں یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹا کسان بنے دیش کی شان،یہ ہمارا خواب ہے۔اتوار کو 75ویں یوم آزادی کے موقع پر لال قلعہ کی فصیل سے آٹھویں مرتبہ قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ
ملک کے 80فیصد سے زائد کسانوں کے پاس دو ہیکٹیئر سے کم زمین ہے ۔ پہلے کی پالیسیوں میں ان چھوٹے کسانوں کو ترجیح نہیں دی گئی۔ اب انہی کسانوں کا خیال کرکے فیصلے کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کسانوں کا خیال کرکے فصلوں کی کم ازکم امدادی قیمت طے کی جا رہی ہے ، فصل بیمہ منصوبہ شروع کیا گیا، سولر انرجی پر زور دیا جا رہا ہے اور فارمر پروڈیوسر گروپ وغیرہ کی تشکیل کی جا رہی ہے ۔ اس سے کسانوں کی طاقت بڑھے گی۔ بلاک سطح پر ویئرہاؤس کی تعمیر کے لیے مہم چلائی جا رہی ہے ۔ مسٹر مودی نے کہا کہ پی ایم کسان سمان ندھی یوجنا کے تحت 10کروڑ سے زیادہ کسانوں کے بینک کھاتے میں ڈیڑھ لاکھ کروڑ روپیے سے زیادہ کی رقم منتقل کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے وقت میں اجتماعی قوت میں اضافہ کرنا ہوگا اور نئی سہولیات دینا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے 70ریل روٹس پر کسان ریل چلائی جا رہی ہے، تاکہ کسانوں کے پروڈکٹ ملک -بیرون ملک تک پہنچ سکیں ۔ اس سہولت سے شاہی لیچی، کالا چاول، ہلدی اور دیگر پروڈکٹ دنیا میں بھیجے جا رہے ہیں۔ ہندوستان کی مٹی میں پیدا ہوئی خوشبو دنیا میں پہنچ رہی ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ گاؤں کیپیسِٹی آنرشپ پلان سے بڑھ رہا ہے ۔ زمین تنازعہ ختم ہو رہے ہیں اور بینکوں سے آسانی سے قرض مل رہا ہے۔ غریب کی زمین، تنازع کی نہیں،ترقی کی بنیاد بننی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی زمین سے نکلی سبزی دنیا کی لذت بن رہی ہے ۔
وزیراعظم مودی نے کہا کہ قومی تعلیمی پالیسی ملک کی 21ویں صدی کی ضرورتوں کو پورا کرنے والی ہے ۔ مودی نے 75ویں یوم آزادی پر لال قلعہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا،‘قومی نئی تعلیمی پالیسی سے اب ہمارے بچے نہ ہی ہنر کے سبب رکیں گے اور نہ ہی زبان کی قیود میں بندھیں گے۔ بد قسمتی ہے کہ ہمارے ملک میں زبان کی بابت تقسیم پیدا ہو گئی ہے ۔ زبان کی وجہ سے ہم نے ملک کے بہت بڑے ہنرکو قفس میں قید کر دیا ہے ۔ مادری زبان میں پڑھے ہوئے لوگ آگے آئیں گے تو ان کی خود اعتمادی بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ جب غریب کی بیٹیاں مادری زبان میں پڑھ کر آگے بڑھیں گی تو ان کی صلاحیت کے ساتھ انصاف ہوگا۔ نئی تعلیمی پالیسی میں غریبی کے خلاف لڑائی کا ذریعہ زبان ہے۔ غریبی کے خلاف جنگ جیتنے کا ذریعہ بھی مادری زبان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کھیل کے میدان میں زبان رکاوٹ نہیں ہے جس کا نتیجہ سامنے ہے، اب نوجوان کھیل بھی رہے ہیں اور کِھل بھی رہے ہیں۔ اب اسی طرح زندگی کے دیگر میدانوں میں بھی ہوگا۔

PTI

حکومت نے ویمن امپاورمنٹ کی سمت میں ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ملک کے تمام آرمی اسکول کے دروازے اب لڑکیوں کے لیے کھول دیے ہیں، جس سے تمام اسکولوں میں اب لڑکوں کے ساتھ لڑکیوں کو بھی داخلہ دیا جائے گا۔ وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے خطاب میں خود اس کا اعلان کیا۔ مودی نے کہا کہ ہندوستان کی بیٹیاں ملک کے ہر شعبے میں اپنی جگہ بنانے لگی ہیں اور اس لیے اب حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ تمام فوجی اسکولوں میں لڑکوں کے ساتھ ساتھ لڑکیوں کو بھی داخلہ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ آج میں ایک خوشی ملک کے باشندوں سے بانٹ رہا ہوں۔ مجھے لاکھوں بیٹیوں کے پیغام ملتے تھے کہ وہ بھی آرمی اسکول میں پڑھنا چاہتی ہیں، ان کیلئے بھی فوجی اسکولوں کے دروازے کھولے جا ئیں۔ آج ہندوستان کی بیٹیاں، اپنا اسپیس لینے کو بے چین ہیں۔ دو-ڈھائی سال پہلے میزورم کے آرمی اسکول میں پہلی بار بیٹیوں کو داخلہ دینے کا تجربہ کیا گیا تھا۔ اب حکومت نے طے کیا ہے کہ ملک کے تمام آرمی اسکول کو ملک کی بیٹیوں کے لیے بھی کھول دیا جائے گا۔ قابل ذکر ہے کہ حکومت نے دسمبر 2019میں ملک کے 5 آرمی اسکول کے دروازے لڑکیوں کیلئے کھولے تھے لیکن آج وزیراعظم نے ایک بڑا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ تمام آرمی اسکول میں اب لڑکیوں کو داخلہ دیا جائے گا۔ اسے ویمن امپاورمنٹ اور مسلح افواج میں خواتین کی حصہ داری بڑھانے کی سمت میں ایک قدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے ۔ وزیراعظم نے انرجی کے شعبے میں خود کفیل بننے کیلئے3نئے منصوبے نیشنل ہائیڈروجن مشن، آرمی اسکول میں لڑکیوں کی تعلیم اور روزگار کیلئے ’پی ایم گتی شکتی یوجنا‘کاا علان کیا۔ انہوں نے کہاکہ گرین ہائیڈروجن کے شعبے کا ہدف پانے کیلئے میں آج اس ترنگے کی گواہی میں نیشنل ہائیڈروجن مشن کا اعلان کر رہا ہوں۔ امرت کال میں ہمیں ہندوستان کو گرین ہائیڈروجن کے پروڈکشن اور ایکسپورٹ کا گلوبل ہب بنانا ہے۔ یہ انرجی کے شعبے میں ہندوستان کی ایک نئی ترقی کو خود کفیل بنائے گا اور پوری دنیا میں کلین انرجی ٹرانزیشن کا نیا باعث ترغیب بھی بنے گا۔ گرین گروتھ سے گرین جاب کے نئے نئے مواقع ہمارے نوجوانوں کیلئے ہمارے اسٹارٹ اپس کیلئے آج دستک دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی ترقی کیلئے ’آتم نربھر بھارت‘ بنانے کیلئے ہندوستان کو انرجی کے معاملے میں خود کفیل ہونا ضروری ہے۔ اس لیے آج ہندوستان کو عزم کرنا ہوگا کہ ہمیں آزادی کے 100سال ہونے سے قبل ملک کو انرجی کے معاملے میں خود کفیل بنانا ہے ۔
مودی نے کہا کہ آنے والے کچھ وقت میں ہم کروڑوں ملک کے باشندوں کا خواب پورا کرنے والا بہت بڑا منصوبہ پی ایم گتی شکتی کا

PTI

نیشنل ماسٹر پلان ملک کے سامنے لے کر آنے والے ہیں۔ اسے لانچ کرنے والے ہیں۔ سو لاکھ کروڑ سے بھی زیادہ کا یہ منصوبہ لاکھوں نوجوانوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع لے کر آنے والاہے ۔ گتی شکتی ہمارے ملک کیلئے ایک ایسا قومی بنیادی ڈھانچہ جاتی ماسٹر پلان ہوگا جو ہالِسٹِک انفرااسٹرکچر کی بنیاد رکھے گا۔ ابھی ہم دیکھتے ہیں کہ ہمارے ٹرانسپورٹ کے وسائل میں کوئی تال میل نہیں ہوتا۔ مستقبل کے راستے سے ان تمام رکاوٹوں کو، ساتھ ہی اور بھی جتنی مشکلات ہیں، انھیں ہٹائے گی۔ اس سے عام انسان کیلئے ٹریول ٹائم میں کمی آئے گی اور ہماری صنعت کی پروڈکٹیوٹی مزید بڑھے گی۔ امرت کال کی اس دہائی میں رفتار کی طاقت ہندوستان کے کایاپلٹ کی بنیاد بنے گی۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے یوم آزادی کے موقع پر اتوار کے روز دو نئے نعرے دئے ۔ ان میں سے ایک میں پرانے نعرے کی توسیع کی گئی ہے جبکہ 8ماہ سے زیادہ عرصے سے تحریک کررہے کسانون کو خوش کرنے کیلئے ’چھوٹا کسان بنے دیش کی شان‘کانعرہ پہلی باردیا گیا ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ امرت دور 25سال کاہے۔ لیکن ہمیں اپنے مقاصد کے حصول کیلئے اتنا طویل انتظار بھی نہیں کرنا ہے ۔ سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس اور اب سب کاپریاس ہمارے تمام اہداف کے حصول کیلئے بہت اہم ہے ۔ اس سے پہلے انہوں نے سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس کا نعرہ دیا تھا۔انہوں نے کہاکہ آج میں لال قلعے کی فصیل سے اپیل کررہا ہوں۔ ’سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس اور اب سب کاپریاس ‘ہمارے تمام اہداف کے حصول کیلئے بہت اہم ہے ۔
پچھلے 7 سالوں میں شروع کی گئی بہت سی اسکیموں کا فائدہ کروڑوں غریبوں کوان کے گھر تک پہنچاہے ۔ اجولا سے لے کر آیوشمان بھارت کی طاقت آج ملک کاہرغریب جانتا ہے۔ آج سرکاری اسکیموں کی رفتار میں اضافہ ہوا ہے۔ وہ مقررہ اہداف حاصل کر رہی ہیں۔ ہم پہلے کے مقابلے میں بہت تیزی سے بہت آگے بڑھے ہیں۔ لیکن صرف بات یہاں پوری نہیں ہوتی ہے۔ اب ہمیں سیچوریشن تکا جانا ہے، کمال تک پہنچنا ہے۔ مودی نے کہاکہ صد فیصد دیہات میں سڑکیں ہوں، 100فیصد گھروں میں بینک اکاؤنٹ ہو، 100فیصد مستحقین کے پاس آیوشمان بھارت کارڈ ہو، صد فیصد اہل لوگوں کے پاس اجولا اسکیم اور گیس کنکشن ہو۔ حکومت کی انشورنس اسکیم ہو، پنشن اسکیم ہو، آواس یوجنا سے ہمیں ہر اس شخص کو جوڑنا ہے، جو اس کا حقدار ہے ۔ صدفیصد کا موڈ بناکر چلناہے۔ آج تک ہمارے یہاں کبھی ان ساتھیوں کے بارے میں نہیں سوچا گیاجو ریہڑی لگاتے ہیں۔ پٹری پر بیٹھ کر، فٹ پاتھ پر بیٹھ کرسامان فروخت کرتے ہیں، ٹھیلاچلاتے ہیں۔ اب ان ساتھیوں کو سونیدھی یوجناکے ذریعے بینکاری نظام سے جوڑا جا رہا ہے۔
وزیراعظم مودی نے دیہی علاقوں میں تیزی سے ترقی کیلئے ملک میں کوآپریٹیو کو مستحکم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہماری تہذیب و روایات میں ہے ۔انہوں نے کہا کہ کوآپریٹو ہماری تہذیب و روایت کے مناسب ہے ۔ یہ عوام کی مجموعی قوت ہے ۔ انہوں نے ریاستوں سے کوآپریٹو کو فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس کا خیال کرتے ہوئے علاحدہ وزارت بنائی گئی ہے ۔ گاؤں میں نئی معیشت کے لیے نئی طاقت لگانی ہوگی۔ گاؤں میں سڑک اور بجلی پہنچ گئی ہے اور آپٹیکل فائبر انٹرنیٹ پہنچ رہا ہے ۔ گاؤں میں8 کروڑ سیلف کوآپریٹیو گروپس کی تشکیل کی گئی ہے ۔ ڈیجیٹل پلیٹ فارم بنائے گئے ہیں، جس سے وہ آسانی سے بیرون ملک سے جُڑ سکیں گے اور اپنے پروڈکٹ فروخت کر سکیں گے ۔
وزیراعظم نریندر مودی نے نقض تغذیہ کے مسئلے کو ختم کرنے پر زور دیتے ہوئے اتوار کے روز کہا کہ 2024تک تمام منصوبوں کے تحت فورٹیفائیڈ چاول مہیا کیا جائے۔ انہوں نے جموںوکشمیر میں جمہوریت کے قیام پر اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرکز کے زیرانتظام ریاست میں انتخابی حلقوں کی حد بندی کا کام اور مستقبل میں اسمبلی انتخابات کی تیاری شروع ہوچکی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ شمال مشرق اور پورا ہمالیہ خطہ سفر ترقی کی بنیاد بنے گا۔ شمال مشرق میں کنیکٹیوٹی بڑھ رہی ہے اور بنیادی ڈھانچوں کی تعمیر بھی ہو رہی ہے۔ اس علاقے کی تمام ریاستوں کے دارالحکومتوں کو ریل سروس سے جوڑا جائے گا۔ایکٹ ایسٹ پالیسی کے تحت یہ خطہ جنوبی ایشیا سے بھی وابستہ ہو رہا ہے ۔ یہاں مستقل امن کی وجہ سے جوش بڑھ رہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سیاحت، ہربل میڈیسن، پام آئل پروڈکشن اور آرگینک کاشت کاری بڑھ رہی ہے ۔ انہوں نے جموں و کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ترقی نظر آ رہی ہے۔ ڈی لیمیٹیشن کمیشن کی تشکیل ہو گئی ہے اور اسمبلی انتخابات کی تیاری کی جا رہی ہے۔ لداخ میں بنیادی ڈھانچوں کی تعمیر کی جا رہی ہے اور سندھو سینٹرل یونیورسٹی اعلیٰ تعلیم کا مرکز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ لداخ جدید بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے ساتھ ساتھ اعلیٰ تعلیم کے مرکز کے طور پر بھی ترقی پا رہا ہے ۔
وزیراعظم نے سیلف ہیلپ ویمن گروپ کیلئے ای-کامرس پلیٹ فارم شروع کرنے کا اعلان کیا اور کہاکہ ملک میں دوسال کے اندر ملک کے ہر کونے سے 75وندے بھارت ٹرینیں چلائی جائیں گی۔وزیراعظم نریند رمودی نے کووڈ وبا اورمعاشی محاذ پر چیلنجز کو عبور کرکے 75کے جرأت کے ساتھ ہندوستان کی نو تعمیر میں سرگرم ہونے کی اپیل کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک کے سائنسدانوں کی وجہ سے ہے کہ ہندوستان دنیا کی سب سے بڑی ویکسینیشن مہم چلا رہا ہے اور اب تک 54کروڑ سے زائد افراد کو کورونا کے ٹیکے لگائے جاچکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ زراعت شعبہ میں سائنسدانوں کی صلاحیت اور ان کی تجاویز کو بھی جوڑا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھایا جاسکے ۔
اس موقع پر وزیراعظم نے اپنی تقریر میں عظیم شخصیات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ملک پہلے وزیراعظم پنڈت جواہر لعل نہرو،سردار ولبھ بھائی پٹیل اور ڈاکٹر بی آر امبیڈکر سمیت ایسی تمام شخصیتوں کا مرہون منت ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS