سعودی جیل سے 19ماہ بعد ایک بے قصور ہندستانی کی رہائی، تفصیلات جاننے کے لیے پوری خبر پڑھیں

0
Image: NDTV

منگلورو(ایجنسی): سعودی عرب کے ولی عہد اور مکہ کی مقدس سرزمین کے خلاف قابل اعتراض ریمارکس کے معاملے میں ایک ہندوستانی فرد 19 ماہ سعودی جیل میں گزارنے کے بعد ملک لوٹ آیاہے۔۔ کچھ شرپسندوں نے بنگیرا کے نام سے سوشل میڈیا پر جعلی اکاؤنٹس بنا کر قابل اعتراض پوسٹیں کی تھیں۔ اس کے بعد ضلع اڈوپی کے کوٹیشور کے رہنے والے بنگیرا کو دسمبر2019 میں فیس بک پر قابل اعتراض پوسٹ کرنے پر گرفتار کیا گیا تھا۔ وہ 17 اگست کو سعودی جیل سے رہا ہوا اور بدھ کو اپنے گھر واپس آیا۔
بنگیرا سعودی عرب میں ایئر کنڈیشنر ٹیکنیشن کے طور پر کام کرتا تھا۔ اس نے ہندوستانی حکومت کے ترمیم شدہ شہریت قانون (سی اے اے) کی حمایت میں ایک پوسٹ شیئر کی تھی،جس سے اس کا کفیل غصے ہوگیا۔ بعد میں اس نے پوسٹ شیئر کرنے پر معذرت کی اور اپنا اکاونٹ بند کر دیا۔ دریں اثنا CAA کی حمایت میں پوسٹ سے ناراض جنوبی کنڑ ضلع کے دو مسلمانوں نے فیس بک پراس کے نام سے ایک جعلی اکاؤنٹ کھولا اور اس پر قابل اعتراض پوسٹ کی۔ سعودی پولیس نے اس معاملے میں فوری کارروائی کرتے ہوئے بنگیرا کو گرفتار کر لیا۔
اس کے بعد اس کی بیوی سمن نے یہاں پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی۔ سمن نے شکایت میں کہا کہ اس کا شوہر کسی سازش کا شکار ہے اوراس کے نام پر جعلی اکاؤنٹ کھولا گیا ہے۔
پولیس کی تفتیش سے پتہ چلا کہ بنگیرا کا اس اکاؤنٹ سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ جعلی اکاؤنٹس بنانے والے دونوں ملزمان کو گزشتہ سال اکتوبر میں گرفتار کیا گیا تھا۔ اڈوپی پولیس نے معاملے کی معلومات سعودی عرب کی حکومت کے ساتھ شیئر کی جس کے بعد بنگیرہ کی رہائی کا راستہ صاف ہوگیا۔
سماجی کارکن رابندر ناتھ شان بھاگ ، سابق وزیر کے جے پرکاش ہیگڑے، ایم ایل اے ایچ سرینواس شیٹی اور پولیس حکام سمیت کئی لوگوں نے بنگیرا کی رہائی کے لیے کوششیں کیں۔ اڈوپی پولیس کی کوششوں اور بعد میں مرکزی وزیر مملکت برائے زراعت شوبھا کرندلاجے اور کئی دیگر رہنماؤں کی مداخلت کے نتیجے میں بنگیرہ کو 17 اگست کو سعودی جیل سے رہا کیا گیا۔ جب بنجیرہ بدھ کی صبح سعودی عرب سے یہاں پہنچا تواس کے دوست بھی بنگلورو ایئرپورٹ پر موجود تھے۔ اڈوپی ضلع کے سپرنٹنڈنٹ پولیس وشنووردھن نے بنگیرا کی رہائی پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ جعلی اکاؤنٹس بنانے والے دو افراد کے خلاف مقدمہ عدالت میں زیر سماعت ہے۔

 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS