گگن یان کے 4خلابازوں کے ناموں کا اعلان، وزیراعظم نے لیا مشن کا جائزہ

0
گگن یان کے 4خلابازوں کے ناموں کا اعلان، وزیراعظم نے لیا مشن کا جائزہ
گگن یان کے 4خلابازوں کے ناموں کا اعلان، وزیراعظم نے لیا مشن کا جائزہ

ترواننت پورم (یو این آئی): وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کے پہلے انسانی خلائی پرواز پروگرام گگن یان مشن کی پیشرفت کا منگل کو جائزہ لیا اور 4نامزد خلابازوں کے ناموں کا اعلان کیا۔ مسٹرمودی نے یہاں وکرم سارا بھائی خلائی مرکز (وی ایس ایس سی) کا دورہ کیا اور تقریباً 1800کروڑ روپے کے خلائی بنیادی ڈھانچے کے 3 اہم منصوبوں کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر انہوں نے نامزد 4 خلابازوں کو ’خلاباز پنکھ‘ عطا کیے۔ ان میں گروپ کیپٹن پرشانتھ بالاکرشنن نائر، گروپ کیپٹن اجیت کرشنن، گروپ کیپٹن انگد پرتاپ اور وِنگ کمانڈر شوبھانشو شکلا شامل ہیں۔ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہر ملک کی ترقی کے سفر کے اپنے خاص لمحات ہوتے ہیں، جو نہ صرف موجودہ، بلکہ آنے والی نسلوں کو متعین کرتے ہیں۔ آج ہندوستان کیلئے ایک ایسا موقع ہے، جب موجودہ نسل زمین، ہوا، پانی اور خلا میں ملک کی تاریخی حصولیابیوں پر فخر کر سکتی ہے۔ ہندوستان عالمی نظام میں اپنی جگہ کو مسلسل بڑھا رہا ہے اور اس کی جھلک ملک کے خلائی پروگرام میں دیکھی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج شیو شکتی پوائنٹ پوری دنیا کو ہندوستانی صلاحیتوں سے متعارف کرا رہا ہے۔

انہوں نے گگن یان کے 4 مسافروں کے تعارف کو ایک تاریخی موقع قرار دیا اور کہا یہ صرف 4 نام یا افراد نہیں ہیں، بلکہ وہ 140 کروڑ ہندوستانیوں کی اُمنگوں کو خلامیں لے جانے والی 4’شکتیاں‘ ہیں۔ 40سال بعد کوئی ہندوستانی خلا میں جا رہا ہے۔ تاہم، اب وقت الٹی گنتی کے ساتھ ساتھ راکٹ بھی ہمارا ہے۔ انہوں نے نامزد خلابازوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے نام ہندوستان کی کامیابی کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں اور وہ آج کے ہندوستان کے اعتماد، ہمت، بہادری اور نظم و ضبط کی علامت ہیں۔ انہوں نے تربیت کے تئیں ان کے لگن اور جذبے کی تعریف کی اور کہا کہ وہ ہندوستان کی امرت نسل کے نمائندے ہیں جو کبھی ہمت نہیں ہارتے اور تمام مشکلات کو چیلنج کرنے کیلئے اپنی طاقت کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ گگن یان مشن کیلئے صحت مند جسم اور صحت مند دماغ کی ضرورت کو اُجاگر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے تربیتی ماڈیول کے حصے کے طور پر یوگا کے کردار کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہاکہ ملک کی نیک تمنائیں اورآشیرواد آپ کے ساتھ ہیں‘۔

انہوں نے نامزد خلابازوں اور ان کے خاندانوں سے تعاون کی اپیل کی تاکہ وہ بغیر پریشان ہوئے اپنے تربیت کو جاری رکھ سکیں۔انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ گگن یان کے بیشتر آلات کو زیادہ تر ہندوستان میں ہی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے ہندوستان کے دنیا کی چوٹی کی3معیشتوں میں سے ایک معیشت بننے کے ساتھ ہی گگن یان کی تیاری کے خوشگوار اتفاق کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ جو پروجیکٹ آج وقف کئے گئے ہیں، وہ نئی ملازمتوں کا باعث بنیں گے اور ہندوستان کی شبیہ کو بہتر کریں گے۔ ہندوستان کے خلائی پروگرام میں ناری شکتی کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’چاہے وہ چندریان ہو یا گگن یان، خواتین سائنسدانوں کے بغیر ایسے کسی پروجیکٹ کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا‘۔ انہوں نے بتایا کہ اِسرو میں 500 سے زیادہ خواتین قیادت کے عہدوں پر ہیں۔

نریندر مودی نے کہا کہ ہندوستان کے خلائی شعبے کی اہم شراکت نوجوان نسلوں میں سائنسی مزاج کے بیج بو رہی ہے اوراسرو کی طرف سے حاصل کی گئی کامیابی آج کے بچوں میں سائنسداں بننے کی سوچ پیدا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ راکٹ کی الٹی گنتی ہندوستان میں لاکھوں بچوں کو تحریک دیتی ہے اور جو لوگ آج کاغذی ہوائی جہاز بناتے ہیں وہ آپ جیسے سائنسداں بننے کا خواب دیکھتے ہیں۔ انہوں نے تبصرہ کیا کہ نوجوانوں کی قوت ارادی کسی قوم کی دولت بناتی ہے۔

مزید پڑھیں: مارچ کے پہلے ہفتے میں CAA کا نفاذ ممکن

انہوں نے کہا کہ ’چندریان2کی لینڈنگ کا وقت ملک کے ہر بچے کیلئے سیکھنے کا تجربہ تھا، جبکہ گزشتہ سال 23اگست کو چندریان 3کی کامیاب لینڈنگ نے نوجوانوں کو نئی توانائی سے بھر دیا ہے۔ اس دن کو اب خلائی دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS