جدید ٹیکنا لوجی کا حج کو کامیاب بنانے میں اہم کردار: السدیس

0
image:www.arabnews.com

مکہ مکرمہ(ایجنسیاں) : صدارت عامہ برائے امور حرمین شریفین کے سربراہ الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی نے حج کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔العربیہ ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر السدیس نے کہا کہ موجودہ حج کو ’اسمارٹ حج‘کا نام دیا جائے تو یہ بے جا نہیں ہوگا، کیونکہ رواں سال حج کے موقع پر زیادہ سے زیادہ مصنوعی ذہانت سے فائدہ اٹھایا گیا۔ ڈیجیٹل آلات کی مدد سے حج کو کامیاب بنانے میں مدد ملی۔ان کا کہنا تھا کہ حج کے موقعے پر اسمارٹ آلات کا استعمال وڑن 2030 کے اہداف کا حصہ ہے۔ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے کہا کہ رواں حج سیزن کے موقعے پر ہماری حکومت کی طرف سے حج سروسز کو جدید خطوط پر منتقل کرنے کی خصوصی ہدایت موجود تھی۔ مسجد حرام میں روبوٹ مشینوں کا استعمال کیاگیا۔ روبوٹ سے اسپرے کیا گیا۔ روبوٹ کی مدد سے حجاج کرام میں آب زم زم تقسیم کیا گیا۔ اس کے علاوہ جدید آلات کی مدد سے خطبہ حج کو 10 عالمی زبانوں میں ترجمے کے ساتھ پیش کیا گیا۔ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر السدیس نے کہا کہ صدارت عامہ برائے حرمین حج کو کامیاب بنانے کے لیے سروسز فراہم کرنے والے حکومتی نیٹ ورک میں شامل ہے۔امور حرمین نے وزارت صحت، وزارت حج وعمرہ، وزارت مذہبی امور اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر کام کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS