اسرائیلی وزیراعظم اگلے سال ہندوستان کا دورہ کریں گے

0

نئی دہلی : (یو این آئی) اسرائیل کے وزیر اعظم نفتالی بینیٹ ہندوستان اور اسرائیل کے درمیان سفارتی تعلقات کی 30 ویں سالگرہ کے موقع پراگلے سال ہندوستان کا دورہ کریں گے۔ یہ جانکاری ہندوستان میں اسرائیل کے سفیر ناؤر گیلن نے ہندوستان اور اسرائیل کے درمیان سفارتی تعلقات کی 30 ویں سالگرہ کے موقع پر آج یہاں ایک لوگو کے اجراء کے موقع پر دی۔ لوگو کو مسٹر گیلن اور اسرائیل میں ہندوستان کے سفیر سنجیو سنگلا نے ایک ورچوول تقریب میں مشترکہ طور پر جاری کیا۔ یہ لوگو احمد آباد کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ڈیزائن کے طالب علم نکھل کمار رائے نے ڈیزائن کیا ہے۔
خیال رہے ہندوستان اور اسرائیل کے درمیان رسمی سفارتی تعلقات 29 جنوری 1992 کو قائم ہوئے تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مسٹر گیلن نے کہا کہ ہندوستان اور اسرائیل کے درمیان ایک منفرد اسٹریٹجک شراکت داری ہے جو کاغذ پر نہیں بلکہ زمین پر نظر آتی ہے۔ سفارتی سطح پر اگرچہ ہم 30ویں سالگرہ منا رہے ہیں لیکن یہ دراصل صدیوں پرانی قدیم تہذیبوں کی شراکت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور اسرائیل کے درمیان اقتصادی، زرعی، آبی، دفاعی، صحت، ثقافت، تعلیم وغیرہ کے شعبوں میں وسیع تعاون ہے۔
مسٹر گیلن نے کہا کہ وزیر اعظم نفتالی بینیٹ اگلے سال ہندوستان کا دورہ کریں گے تاکہ ہندوستان-اسرائیل کی اگلے 30 سالہ شراکت داری کو مضبوط کیا جاسکے۔تل ابیب سے ویڈیو لنک میں شامل ہونے والے مسٹر سنگلا نے کہا کہ ہندوستان اور اسرائیل کے درمیان تعلقات ہمیشہ سے مستحکم رہے ہیں۔ ہم اپنے قائدین کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے اس رشتے کو مضبوط کیا۔ انہوں نے کہا کہ پانچ سال قبل وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ اسرائیل کے بعد سے دونوں ممالک نے سائنس پر مبنی معیشت کی ترقی کے لیے اپنے تعاون کو مزید گہرا کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS