کانگریس نے’سیاسی ووٹوں کی بنیاد‘کی فکر کی تھی، وہیں مودی حکومت نے سماجی اصلاح کی فکر کی

0

نئی دہلی :مرکزی وزیراقلیتی امورمختارعباس نقوی نے تین طلاق کوغیرقانونی قرار دیئے جانے کو بڑا اصلاحی فعل قراردیتے ہوئے یہ الزام لگایاکہ کانگریس نے کچھ ’دقیانوسی انتہاپسندوں کی غلطیوں‘اوردباؤ کے آگے گھٹنے ٹیک کر مسلم خواتین کوان کے آئینی حق سے محروم کرنے کا جرم کیاتھاجس کی وجہ سےکانگریس کے ’لمحوں کی خطا‘مسلم خواتین کے لئے’عشروں کی سزا‘بن گئی۔ جہاں کانگریس نے’سیاسی ووٹوں کی بنیاد‘کی فکر کی تھی، وہیں مودی حکومت نے سماجی اصلاح کی فکر کی۔
 نقوی نے ایک بیان جاری کرکےبدھ کو کہا کہ ویسے تو اگست مہینہ تاریخ میں اہم واقعات کے صفحات سے پر ہے۔ 8 اگست ’بھارت چھوڑو آندولن‘، 15 اگست یوم آزادی، 19 اگست ’عالمی یوم انسانی‘، 20 اگست’یوم خیرسگالی‘، 5 اگست کو جموں وکشمیر میں آرٹیکل 370 ختم کرنے جیسے تاریخ کے سنہرے لفظوں میں لکھے جانے والے دن ہیں۔
 یکم اگست مسلم خواتین کو تین طلاق کے ظلم سےنجات کا دن، ہندوستان کی تاریخ میں’مسلم خواتین یوم حقوق‘کے طور پر درج ہوچکی ہے۔’تین طلاق‘یا’طلاق بدعت‘جو نہ آئینی طورسے ٹھیک تھا نہ اسلام کے نقطہ نظر سے جائز تھا پھر بھی ہمارے ملک میں مسلم خواتین کے ساتھ زیادتی سے پر غیر قانونی،غیر آئینی،غیر اسلامی روایت’تین طلاق‘،’ووٹ بینک کے سوداگروں‘کے ’سیاسی تحفظ‘میں پھلتا پھولتارہا۔
مرکزی وزیر نے کہاکہ یکم اگست 2019 ہندوستانی پارلیمنٹ کی تاریخ کا وہ دن ہےجس دن کانگریس، کمیونسٹ پارٹی، ایس پی، بی ایس پی، ترنمول کانگریس سمیت تمام مبینہ طورسے سیکولر سیاسی پارٹیوں کی مخالفت کے باوجود ’تین طلاق‘ظلم کو ختم کرنےکا قانونی بنایا گیا۔
ملک کی آدھی آبادی اور مسلم خواتین کے لئے یہ آئینی، بنیادی حقوق،جمہوریت اوریکسانیت کے حقوق کادن بن گیا۔ یہ دن ہندوستانی جمہوریت اورپارلیمانی تاریخ کے سنہرے صفحات کا حصہ ہوگا۔
نقوی نےکہاکہ’تین طلاق‘ظلم کے خلاف قانون تو 1986  میں بھی بن سکتا تھا۔ جب شاہ بانو کیس میں سپریم کورٹ نے’تین طلاق‘پربڑافیصلہ سنایا تھا۔
کانگریس کچھ’دقیانوسی انتہاپسندوں کی غلطیوں اور دباؤ کے آگے گھٹنے ٹیک کر مسلم خواتین کو ان کے آئینی حقوق سے محروم کرنے کا جرم کیا تھا۔
مرکزی وزیر نے کہاکہ ملک آئین سے چلتاہے کسی شریعت یا مذہبی قانون یانظم سے نہیں۔ 
مسٹر نقوی نےکہاکہ وزیراعظم نریندرمودی کی حکومت نے’تین طلاق‘پر سپریم کورٹ کے فیصلے کوموثربنانے کے لئے قانون بنایا۔ سپریم کورٹ نے تین طلاق کو 18 مئی 2017 کو غیرقانونی قراردیاتھا۔ جہاں کانگریس نے اپنی تعداد  کا استعمال مسلم خواتین کو ان کےحقوق سے محروم رکھنےکے لئے کیاتھا، وہیں مودی حکومت  نے مسلم خواتین کے سماجی، معاشی، بنیادی اورجمہوری حقوق کی دفاع کے لئے فیصلہ کیا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS