سری لنکا:بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف لوگوں کا پرتشدد مظاہرہ، کولمبو میں کرفیو

0

کولمبو:(یو این آئی) سری لنکا میں جاری معاشی بحران کے درمیان بڑھتی ہوئی مہنگائی سے پریشان لوگ جمعرات کو دیر رات دارالحکومت کولمبو میں سڑکوں پر اتر آئے اور حکومت مخالف نعرے بازی کرتے ہوئے ان کا غصہ پرتشدد مظاہروں میں تبدیل ہو گیا ۔ پولیس اورمظاہرین کے درمیان ہوئی جھڑپ کے بعد 45 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ۔مظاہرین نے پولیس کی بس اورجیپ سمیت دو موٹرسائیکلوں اورایک ٹرک کو نذر آتش کر دیا۔ اس کے بعد پولیس کے ساتھ جھڑپ ہوئی اور آخر کاردارالحکومت میں کرفیو نافذ کر دیا گیا۔ پولیس نے اس بات کی تصدیق کی کہ مشتعل مظاہرین نے پولیس اور دیگر گاڑیوں کو نذر آتش کیا ۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس اور پانی کی بوچھار کا استعمال کیا۔
سری لنکا میں گزشتہ کئی ہفتوں سے اشیائے خوردونوش کی قلت اور گیس اور تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے لوگ پریشان تھے، اس دوران بجلی کی سپلائی بھی بری طرح متاثر ہوئی جس نے آگ میں ایندھن کا کام کیا ۔ اس کے بعد لوگ حکومت مخالف نعرے لگاتے ہوئے دارالحکومت کی سڑکوں پر اتر آئے ۔ عوام کا یہ غصہ کل رات پرتشدد مظاہروں کی صورت میں سڑکوں پر دیکھا گیا ۔ خیال کیا جاتا ہے کہ تقریباً پانچ ہزار لوگ دارالحکومت میں سڑکوں پراترے ۔ ہاتھوں میں حکومت مخالف تختیاں لیے ہوئے لوگ صدر گوتابایا راجا پاکشے کے خلاف نعرے بازی کررہے تھے۔ راشٹرپتی بھون کے قریب جمع مظاہرین ’ گوتابایا واپس جاؤ‘کے نعرے لگا رہے تھے اور مطالبہ کر رہے تھے کہ ملک کی معیشت کو سنبھالنے میں ناکام رہنے والی اس حکومت کو اقتدار سے باہر ہو جانا چاہئے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS