اردو صحافت کے200 سال مکمل ہونے پر سہارا انڈیا پریوار کے زیر اہتمام ’ایک شام روزنامہ راشٹریہ سہارا کے نام‘پروگرام کا انعقاد

0

آزادی کی لڑائی میں اردو صحافت نے اہم رول نبھایا:تارکشور
پٹنہ (ایس این بی) : انگریزوںسے ملک کو آزادی دلانے میں اردو صحافت نے اہم رول نبھایا ہے۔ اردو صحافت کی 200ویں سالگرہ کے مبارک موقع پر بہار کی سرزمین عظیم آباد میں آج ہم سبھی لوگ جمع ہوئے ہیں۔ موجودہ وقت میں سہارا انڈیا پریوار نے اردو صحافت کے توسط سے ملک کی جو خدمت کی ہے وہ قابل ستائش ہے۔ میں اس کے لیے پورے سہاراانڈیا پریور اور سہارا نیوز نیٹ ورک کے سی ای او اور ایڈیٹر ان چیف جناب اپیندر رائے کو تہہ دل سے مبارکباد دیتا ہوں۔ جنہوں نے نہ صرف اردو صحافت بلکہ ہندی صحافت اور ٹی وی چینلوں کے توسط سے اپنے ملک کی خدمت کی ہے۔ صحیح معنی میں یہ قابل تعریف ہے۔ یہ باتیں نائب وزیراعلیٰ تارکشورپرساد نے کہی۔ وہ جمعرات کو سہاراانڈیا پریوار کے زیر اہتمام اردو صحافت کے200برس مکمل ہونے پر تارامنڈل کے جلسہ گاہ میں منعقد ’ایک شام روزنامہ راشٹریہ سہارا کے نام ‘پروگرام کو بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔ پروگرام کی صدارت سہارا نیوز نیٹ ورک کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ، سی ای او اور ایڈیٹر ان چیف اپیندر رائے نے کی۔
نائب وزیراعلیٰ مسٹر پرساد نے کہاکہ روزنامہ راشٹریہ سہارا کے توسط سے اردو زبان کی فروغ کے لیے جس تحریک کا آغاز کیا گیا ہے، وہ تحریک اپنے مشن میں کامیاب ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔ انہوںنے راشٹریہ سہارا ہندی کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ اپیندررائے نے روزنامہ راشٹریہ سہارا میں اپنے کالم کے توسط سے اردو کی آواز کو بلند کیاہے۔ اردو صحافت کی ایک لمبی فوج عوام کی آواز بن کر اپنی مادری زبان کی جو خدمت کررہی ہے، اس کے لیے سہارا انڈیا پریوار حقیقی معنی میں مبارکباد کے لائق ہے۔ انہوں نے روزنامہ راشٹریہ سہارا کے گروپ ایڈیٹرعبدالماجد نظامی کو بھی مبارکباد دی اور کہاکہ انہوںنے اردو برادری کی ادبی پیاس کو بجھایا ہے۔ ان کی کوشش سے روزنامہ راشٹریہ سہاراروز بہ روز ترقی کی منازل طے کرتا ہوا قارئین کے دلوںمیں اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہے۔ ان کی محنت سے روزنامہ راشٹریہ سہارا اردو ہندوستان کا سب سے بڑا اخبار بن کر اردو کی خدمت کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روزنامہ راشٹریہ سہارا،راشٹریہ سہارا ہندی کے ساتھ الیکٹرانک چینل سہارا سمے اور عالمی سہارا نیوز چینل کے توسط سے سہارا انڈیا پریوار ملک کی خدمت کررہا ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ روزنامہ راشٹریہ سہارا کے ذریعہ اردو صحافت کو اور بھی بلندیوں تک پہنچانے میں کامیابی ملے گی۔ پروگرام کی نظامت کرتے ہوئے فرخ الدین عارفی نے سماع باندھ دیا۔ سہارا نیوز نیٹ ورک کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر، سی ای او اور ایڈیٹر ان چیف اپیندر رائے ، روزنامہ راشٹریہ سہارا کے گروپ ایڈیٹر عبدالماجد نظامی، سہاررا انڈیا کے زونل ہیڈ ویپل کمارسنگھ، راشٹریہ سہارا پٹنہ کے یونٹ ہیڈ امر سنگھ،ریسڈنٹ ایڈیٹر سنجے ترپاٹھی، روزنامہ راشٹریہ سہارا کے ریسڈنٹ ایڈیٹر ارشادعالم نے نائب وزیراعلیٰ کو گلدستہ اور مومنٹو دے کر اعزاز بخشا۔ اس موقع پر عون معصومی میوزیکل گروپ نے ثقافتی پروگرام پیش کیا ۔ پروگرام میں اپنے اپنے شعبہ میں بہتر کام کرنے والے معزز شخصیتوںکو سند اور مومنٹو دے کر اعزاز سے نوازا گیا۔ پروگرام میں سابق ممبرپارلیمنٹ پروفیسر رنجن پرساد یادو، ایم ایل اے اختر الایمان سمیت اردو ادب سے محبت رکھنے والے شہر کی معزز شخصیات نے شرکت کی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS