ٹی 20- سیریز کیلئے جنوبی افریقہ کا دورۂ ہندوستان

0

نئی دہلی (یو این آئی) : انڈین کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے جمعہ کو اعلان کیا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف پانچ میچوں کی ٹی-20 انٹرنیشنل سیریز دہلی میں شروع ہوگی۔ باقی چار میچ کٹک، وشاکھاپٹنم، راجکوٹ اور بنگلور میں کھیلے جائیں گے ۔ سیریز کا اختتام19 جون کو فائنل میچ کے ساتھ ہوگا۔ یہ سیریز29 مئی کو کھیلے جانے والے آئی پی ایل2022 کے فائنل میچ کے10 دن بعد شروع ہوگی۔ یہ پانچ میچ نومبر میں آسٹریلیا میں کھیلے جانے والے مینز ٹی20- ورلڈ کپ کے نقطہ نظر سے بہت اہم ہوں گے ۔ جنوبی افریقہ نے مارچ 2020 میں تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے لیے ہندوستان کا دورہ کیا تھا۔ تاہم پہلا میچ بارش کے باعث منسوخ ہونے کے بعد کورونا وبا کے باعث سیریز ملتوی کر دی گئی تھی۔
ان دونوں ٹیموں نے آخری بار ستمبر 2019 میں ٹی 20 انٹرنیشنل سیریز کھیلی تھی۔ پچھلے سال ہندوستان نے تین ٹیسٹ اور تین ون ڈے میچوں کے لیے جنوبی افریقہ کا دورہ کیا تھا۔ سنچورین میں پہلا ٹیسٹ جیتنے کے باوجود ہندوستان کو دونوں سیریز میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔
زخمی دیپک چاہر کے علاوہ ہندوستانی ٹی 20- انٹرنیشنل ٹیم کے تمام کھلاڑی آئی پی ایل میں حصہ لے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ بہت سے جنوبی افریقی سپر اسٹارز بھی آئی پی ایل کھیل رہے ہیں جیسے کوئنٹن ڈی کاک، ایڈن مارکرم، ڈیوڈ ملر، ڈوین پریٹوریس، کاگیسو ربادا، ریسی وان ڈیر ڈوسن، لونگی اینگیڈی، اینریک نورٹجے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS