آئی پی ایل :پلے آف میچ کولکاتا اور احمد آباد میں ہوں گے

0

ممبئی(یو این آئی) احمد آباد اور کولکاتا میں کھیلے جانے والے آئی پی ایل کے پلے آف میچ شائقین کی پوری صلاحیت کے ساتھ کھیلے جائیں گے ۔کولکاتا کا ایڈن گارڈن گراؤنڈ24 اور25 مئی کو کوالیفائر سے ایک اور ایلیمینیٹر کی میزبانی کرے گا۔ ایک دن کے وقفے کے بعد، احمد آباد کا نریندر مودی اسٹیڈیم27 مئی کو کوالیفائر2کی میزبانی کرے گا۔ اس کے ساتھ فائنل میچ بھی اس سٹیڈیم میں29 مئی کو کھیلا جائے گا۔ ایسا دو سالوں میں پہلی بار ہو گا کہ آئی پی ایل کا میچ شائقین کی پوری صلاحیت کے مطابق کھیلا جائے گا۔ گزشتہ دو سیزن یا تو کورونا کی وجہ سے خالی گراؤنڈ میں کھیلے گئے یا پھر محدود تعداد میں شائقین کو میدان میں آنے کی اجازت تھی۔ آئی پی ایل2022 میں، پہلے گراؤنڈ میں25 فیصد شائقین کو جانے کی اجازت تھی۔ تاہم ہندوستان میں کورونا کی عمومی صورتحال کے پیش نظر گراؤنڈ میں50 فیصد شائقین کی موجودگی پر اتفاق کیا گیا۔ اس سیزن میں تمام میچ مہاراشٹر کے 4 میدانوں میں کھیلے جا رہے ہیں۔ ممبئی کے وانکھیڑے اور بریبورن اسٹیڈیم، نوی ممبئی کے ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم اور پونے میں ایم سی اے اسٹیڈیم لیگ کے میچوں کی میزبانی کر رہے ہیں۔ ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کی سیریز احمد آباد اورکولکاتا دونوں اسٹیڈیم میں کھیلی گئی تھی۔ اگرچہ احمد آباد میں کھیلے گئے ون ڈے سیریز کے میچوں میں شائقین کو جانے کی اجازت نہیں تھی لیکن کولکتہ میں کھیلے گئے ٹی20- میچوں میں75 فیصد شائقین کو جانے کی اجازت تھی۔ بی سی سی آئی کے صدر سورو گانگولی نے کہا کہ آئی پی ایل کے ناک آؤٹ میچ کولکا تا اور احمد آباد میں کھیلے جائیں گے ۔ 22 مئی کو لیگ مرحلہ ختم ہونے کے بعد باقی میچ100 فیصد شائقین کی گنجائش کے ساتھ کھیلے جائیں گے ۔گانگولی نے ویمنز چیلنجرز ٹرافی کی بھی تصدیق کی۔ انہوں نے بتایا کہ 24 سے 28 مئی تک تمام میچ لکھنؤ میں کھیلے جائیں گے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS