اسپائس جیٹ پرواز سے نکلا دھواں، ایمرجنسی لینڈنگ

0

نئی دہلی (یو این آئی) : دہلی سے جبل پور کے لئے اڑان بھرنے کے کچھ دیر بعد اسپائس جیٹ کی پرواز ہفتہ کی صبح اس وقت واپس لوٹ گئی جب عملے کے اراکین نے ٹیک آف کے بعد طیارے کے اندر سے دھواں اٹھتے دیکھا۔ اس وقت طیارہ 5000فٹ کی بلندی پر پرواز کر رہا تھا۔ اسپائس جیٹ نے یہ اطلاع دی۔ ایئر لائن کے ترجمان کے مطابق پائلٹ نے جہاز سے دھواں اٹھنے کے بعد دہلی واپس لوٹنے کا فیصلہ کیا۔ طیارہ مسافروں سمیت بحفاظت اتر گیا۔ پچھلے 2 ہفتوں میں اسپائس جیٹ کے طیارے پر یہ پانچواں واقعہ ہے ۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن ان تمام واقعات کی تحقیقات کر رہا ہے ۔ اس سے پہلے 19جون کو پٹنہ ایئرپورٹ سے ٹیک آف کے فوراً بعد اسپائس جیٹ کے دہلی جانے والے طیارے کے انجن میں آگ لگ گئی تھی جس کے چند منٹ بعد طیارے نے ہنگامی لینڈنگ کی۔ طیارے میں 185مسافر سوار تھے اور پرندے کے ٹکرانے سے انجن فیل ہوگیا تھا۔ اسی دن ایک اور واقعہ میں جبل پور جانے والی پرواز کو کیبن میں خرابی کی وجہ سے واپس دہلی لوٹنا پڑا تھا۔ 25جون کو پٹنہ-گوہاٹی کی پرواز کو تکنیکی خرابی کی وجہ سے ٹیک آف روکنا پڑا تھا۔ اس سے پہلے 4مئی کو چنئی-درگاپور فلائٹ کو تکنیکی خرابی کے بعد چنئی واپس لوٹنا پڑا تھا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS