سندھیا، متھن، ترویدی، گری راج سمیت کن کن کو بی جے پی ورکنگ کمیٹی میں جگہ ملی؟

0
Image: The Economic Times

نئی دہلی، (یو این آئی): بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اپنی نئی ورکنگ کمیٹی میں بیشتر نئے نوجوان چہروں کو جگہ دی ہے جن میں مرکزی وزیر جیوترآدتیہ سندھیا، گری راج سنگھ، چھتیس گڑھ میں اجے چندراکر، لتا اوسینڈی، مدھیہ پردیش میں وزیر نروتم مشرا شامل ہیں۔ اس بار جگہ پانے سے محروم رہ جانے والے لوگوں میں ڈاکٹر سبرامنیم سوامی، مینکا گاندھی، ورون گاندھی اور ونے کٹیار اہم ہیں۔
پارٹی کے صدر جگت پرکاش نڈا نے پیٹرو پکشا گزر جانے کے بعد شاردیہ نوراتری کے پہلے دن344رکنی قومی ورکنگ کمیٹی کا اعلان کیا۔ نئے پارلیمانی بورڈ کے اعلان کا بھی انتظار کیا جارہا ہے۔
قومی ورکنگ کمیٹی میں 80اراکین ہیں جن میں خاص طورپر وزیراعظم نریندر مودی، سینئر لیڈر لال کرشن اڈوانی، ڈاکٹر ملی منوہر جوش، سابق صدر اور مرکزی وزیر راجناتھ سنگھ، نتن گڈکری، امت شاہ، راجیہ سبھا میں لیڈر پیوش گوئل حال ہی میں بی جے پی میں آئے مرکزی وزیر جیوترآدتیہ سندھیا اور تمام قومی عہدیدار شامل ہیں۔
مسٹر سنگھ نے کہاکہ قومی ورکنگ کمیٹی میں پچاس خصوصی مدعوئین اور 179مستقل مدعوئین اراکین کو شامل کیا گیا ہے جن میں وزرائے اعلی، نائب وزرائے اعلی، سابق وزرائے اعلی، سابق نائب وزرائے اعلی، اسمبلیوں اور قانون سازکونسلوں میں قانو ن ساز پارٹی کے لیڈروں، ریاستی صدور، ریاستی انچارجوں، شریک انچارجوں، ریاستی تنظیمی وزرا اور منتظمین کو شامل کیا گیا ہے۔
گزشتہ قومی ورکنگ کمیٹی میں 72اراکین تھے۔ اس بار 80اراکین بنائے گئے ہیں۔ قومی ورکنگ کمیٹی سے جن لوگوں کو وداع کیا گیا ہے ان میں ڈاکٹر سبرامنیم سوامی، مینکا گاندھی، ورون گاندھی، ونے کٹیار، سی پی ٹھاکر، پروفیسر وجے ملہوترا، حکم دیو نارائن یادو، ڈاکٹر مہیش شرما، شری کانت شرما، سنجے پاسوان، راجندر اگروال اور رما پتی رام ترپاٹھی اہم ہیں۔
ورکنگ کمیٹی کے نئے چہروں میں مغربی بنگال سے فلم اداکار متھن چکرورتی، دنیش ترویدی، سابق پولیس افسر بھارتی گھوش، اترپردیش سے برجیش پاٹھک، اسمرتی ایرانی، داراسنگھ چوہان، سادھوی نرجن جیوتی اور سوامی پرساد موریہ، ہریانہ سے سنیتا دگل، دہلی سے ایس جے شنکر، میناکشی لیکھی، منوج تیواری اور رمیش بدھوڑی، آسام سے محترمہ بجیا چکرورتی، بہار سے محترمہ بھاگیرتھی دیوی اور نتیہ نند رائے شامل ہیں۔ مدھیہ پردیش سے ڈاکٹر وریندر کھٹیک، جیوترآدتیہ سندھیا، نروتم مشرا، اوڈیسہ سے اشونی ویشنو، پنجا ب سے ہردیپ سنگھ پوری اور سوم پرکاش کو بھی جگہ دی گئی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS