آئی این ایکس میڈیا آفیسر اندرانی مکھرجی کی بیٹی شینا بورا زندہ ہے

0
readingsexy.com

ممبئی (یو این آئی) سابق آئی این ایکس میڈیا آفیسر اندرانی مکھرجی نے جمعرات کو ایک سنسنی خیز بیان دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کی بیٹی شینا بورا زندہ ہے اور وہ کشمیر میں ہے ۔اندرانی مکھرجی نے تحقیقاتی ایجنسی کے ساتھ ساتھ اسپیشل سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کی عدالت کو خط لکھا ہے کہ ان کی بیٹی شینا بورا زندہ ہے اور وہ کشمیر میں ہے ۔ اندرانی پر اپنی بیٹی شینا بورا کے قتل کا الزام ہے اور وہ اس وقت جیل کی سزا کاٹ رہی ہیں۔محترمہ مکھرجی نے اپنے خط میں لکھا کہ جیل میں ان کی ملاقات ایک خاتون سے ہوئی۔ خاتون نے بتایا کہ اس کی کشمیر میں شینا بورا سے ملاقات ہوئی ہے ۔
اپنے بیان کی بنیاد پر اندرانی مکھرجی نے تحقیقاتی ایجنسی کے ساتھ ساتھ خصوصی سی بی آئی عدالت کو خط لکھ کر کشمیر میں اپنی بیٹی کی تلاش کرنے کی اپیل کی ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ سی بی آئی کی خصوصی عدالت مستقبل قریب میں ان کی درخواست پر سماعت کرے گی۔واضح رہے کہ سال 2002میں ممبئی پولیس نے شینا بورا قتل کا مقدمہ درج کیا تھا اور اندرانی مکھرجی، ان کے تیسرے شوہر اور میڈیا آئیکون پیٹر مکھرجی، ڈرائیور شیامور رائے اور سنجیو کھنہ (اندرانی کے سابق شوہر) سمیت 4 لوگوں کو پوچھ گچھ کیلئے گرفتار کیا گیا تھا۔ بعد میں کیس کی مزید تفتیش کیلئے اسے سی بی آئی کو منتقل کر دیا گیا۔ 6سال کی تفتیش اور کم از کم5 چارج شیٹ اور اضافی چارج شیٹ کے بعد سی بی آئی نے اب خصوصی عدالت سے کہا ہے کہ وہ اس معاملے کی مزید تفتیش نہیں کرے گی۔یہاں کی سیشن عدالت نے 2017میں سماعت شروع کی تھی اور اس کیس میں 60کے قریب گواہوں نے اپنے بیانات قلمبند کرائے تھے ۔ تفتیش کے دوران اندرانی کے ڈرائیور شیامور رائے نے اپریل 2012میں شینا بورا کو قتل کرنے کا اعتراف کیا اور کہا کہ اس نے اس کی لاش مہاراشٹر کے رائے گڑھ ضلع میں پھینک دی تھی۔ اس نے ممبئی پولیس کو بتایا کہ اندرانی مکھرجی اور سنجیو کھنہ شینا کے قتل میں ملوث تھے ۔عدالت کے روبرو سی بی آئی کیس کے مطابق اندرانی مکھرجی نے شینا بورا کو اس لیے قتل کیا کیونکہ اس نے شینا بورا کو سب کے سامنے اپنی بہن کے طور پر متعارف کرایا تھا اور وہ پیٹر مکھرجی کے بیٹے راہل مکھرجی کے درمیان تعلقات کو لے کر کافی پریشان تھیں۔ اس کے علاوہ اندرانی کی جانب سے شینا بورا کے قتل کی ایک اور وجہ یہ بھی تھی کہ شینا اندرانی کو دھمکیاں دیتی تھی کہ وہ اسے عوام میں بے نقاب کر دے گی کیونکہ شینا اندرانی کی بہن نہیں بلکہ اس کی بیٹی تھی۔ڈرائیور شیامور رائے اب اس معاملے میں سرکاری گواہ بن گیا ہے ۔ پیٹر مکھرجی کو مارچ 2020میں سی بی آئی کورٹ سے ضمانت ملی تھی۔ اس کیس کی سماعت کے دوران اندرانی اور پیٹر نے اپنے تعلقات ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS